ورک ویزے،متحدہ عرب امارات نے پاکستانیوں کیلئے بڑا اعلان کردیا

اسلام آباد:پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر سالم الزابی نے کہا ہے کہ پاکستانی افرادی قوت کے لیے یو اے ای کے ورک ویزے جلد دوبارہ شروع کئے جائیں گے اور اس سلسلے میں تمام ضروری تیاریاں جاری ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یو اے ای سفارتخانے میں پاکستان اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ایسوسی ایشن (پوئپا) کے چیئرمین سید رحمت علی شاہ کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

یہ بھی پڑھیں: یو اے ای جانے والے پاکستانیوں کیلئے اہم سہولت متعارف

ملاقات میں پوئپا کے سیکرٹری جنرل ممتاز صدیق، سابق چیئرمین سید حبیب علی شاہ، چیئرمین کے معاونِ خصوصی شکیل عباسی اور ایگزیکٹو ممبر طارق جاوید بھی شریک تھے۔

سفیر سالم الزابی نے وفد کا سفارتخانے آمد پر پرتپاک استقبال کیا اور کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات تاریخی اور برادرانہ نوعیت کے ہیں، جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون مختلف شعبوں میں جاری ہے اور افرادی قوت کی فراہمی اس تعلق کا اہم حصہ ہے۔

انہوں نے اس موقع پر ہنر مند پاکستانی افرادی قوت کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یو اے ای کی ترقی اور تعمیر میں پاکستانیوں کا کردار نمایاں اور قابلِ قدر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی محنت کش اپنی صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ مہارت کے باعث ہمیشہ یو اے ای کی معیشت میں مثبت کردار ادا کرتے رہے ہیں۔

سالم الزابی نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ پاکستانی شہریوں کے لیے ورک ویزوں کے اجرا کو دوبارہ شروع کرنے کے لیے ہوم ورک جاری ہے اور اس حوالے سے جلد پیش رفت متوقع ہے، جس سے بڑی تعداد میں پاکستانیوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: متحدہ عرب امارات نے ایک ماہ کیلئے2 ارب ڈالر قرض رول اوور کر دیا

اس موقع پر چیئرمین پوئپا سید رحمت علی شاہ نے یو اے ای کے سفیر کی سفارتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات مضبوط اور دیرینہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی ہنر مند افرادی قوت نہ صرف یو اے ای کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے بلکہ مستقبل میں بھی یہ تعاون جاری رہے گا۔

Scroll to Top