ایران میں روسی ہیلی کاپٹروں کی موجودگی کے شواہد: امریکی ڈیفنس ویب سائٹ کا دعویٰ

ایک امریکی ڈیفنس ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران میں روسی ساختہ Mi-28 Havoc جنگی ہیلی کاپٹروں کی موجودگی کے شواہد مضبوط ہوتے جا رہے ہیں۔

ویب سائٹ کے مطابق حال ہی میں منظرِ عام پر آنے والی ایک ویڈیو میں روسی ساختہ Mi-28NE ہیلی کاپٹر ایرانی دارالحکومت تہران کے اوپر پرواز کرتا دکھائی دے رہا ہے، جس سے دفاعی حلقوں میں نئی بحث پیدا ہو گئی ہے۔

اس سے قبل سوشل میڈیا پر بھی ایسی تصاویر سامنے آئی تھیں جن میں کم از کم ایک Mi-28NE کو ایران میں موجود دکھایا گیا تھا۔ تاہم امریکی ڈیفنس ویب سائٹ نے واضح کیا کہ اس بات کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی کہ یہ ویڈیو کب اور کہاں ریکارڈ کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ اور شی جن پنگ کا رابطہ،امریکی صدر نے بات چیت کو شاندار قرار دے دیا

ماہرین کے مطابق ایران میں Mi-28 ہیلی کاپٹروں کی موجودگی اس بات کی علامت ہو سکتی ہے کہ روس کی جانب سے ایران کو مزید ہتھیاروں اور فوجی سازوسامان فراہم کیے جانے کا امکان ہے۔ ویب سائٹ نے جنوری میں آن لائن فلائٹ ٹریکنگ ڈیٹا کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ روس سے ایران تک Il-76 ٹرانسپورٹ طیاروں کی کم از کم پانچ پروازیں ہوئیں۔

Mi-28 ہیلی کاپٹر 30 ملی میٹر خودکار مشین گن سے لیس ہے اور اس کے چار ہارڈ پوائنٹس پر مختلف ہتھیار نصب کیے جا سکتے ہیں، جن میں ٹینک شکن میزائل اور راکٹ شامل ہیں۔ اس کا بنیادی سینسر سسٹم ماسٹ ریڈار اور ہیلی کاپٹر کے اگلے حصے میں نصب انفرا ریڈ کیمرے پر مشتمل ہوتا ہے۔

ویب سائٹ کے مطابق ایران کے لیے فراہم کیے جانے والے Mi-28 ہیلی کاپٹروں کی درست صلاحیت اور مجموعی تعداد ابھی واضح نہیں ہے۔ اسرائیل کے ساتھ 12 روزہ جنگ کے بعد ایران اپنے کمزور ہو چکے عسکری ذخیرے کو مضبوط کرنے کی کوشش کر رہا ہے، اور Mi-28 ہیلی کاپٹروں کی ممکنہ فراہمی اسی حکمتِ عملی کا حصہ سمجھی جا رہی ہے۔

مزید پڑھیں: امریکا ،ایران کے مذاکرات میں آغاز سے قبل ہی ڈیڈلاک آگیا، ٹرمپ کا خامنہ ای کو انتباہ

مجموعی شواہد اس بات کی نشاندہی کر رہے ہیں کہ کم از کم ایک Mi-28 ہیلی کاپٹر ایران پہنچ چکا ہے، جبکہ آئندہ دنوں میں اس حوالے سے مزید تفصیلات منظرِ عام پر آنے کا امکان ہے۔

Scroll to Top