سعودی عرب نے ملک میں موجود لاکھوں اونٹوں کو پاسپورٹ جاری کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد مملکت کے قیمتی اونٹوں کے ریوڑوں کا بہتر انتظام کیا جانا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق وزارتِ ماحولیات، پانی اور زراعت کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے اس شعبے میں پیداواری صلاحیت اور کارکردگی میں اضافہ ہوگا اور اونٹوں سے متعلق ایک قابلِ اعتماد ڈیٹا بیس تیار کیا جا سکے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں پہلی بار اونٹنی کو مصنوعی ٹانگ لگا کر چلنے کے قابل بنا دیا گیا
گزشتہ دنوں وزارت کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ایک پوسٹ میں اس پاسپورٹ کی تصویر بھی شامل کی گئی، جو سبز رنگ کا ہے، جس پر سعودی قومی نشان اور سنہری رنگ میں اونٹ کی تصویر بنی ہوئی ہے۔
2024 کے اعداد و شمار کے مطابق مملکت میں اونٹوں کی تعداد تقریباً 22 لاکھ ہے۔
اونٹ صدیوں سے عرب دنیا میں نقل و حمل کا ایک اہم ذریعہ رہے ہیں، جبکہ یہ جانور اپنے مالکان کے لیے وقار اور سماجی حیثیت کی علامت بھی سمجھے جاتے ہیں۔ اسی روایت نے ایک منافع بخش افزائشی صنعت کو جنم دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گھوڑے، خچر سب پیچھے،گدھوں کی آبادی کا نیا ریکارڈبن گیا، دلچسپ اعدادوشمار جاری
سعودی عرب میں ہر سال منعقد ہونے والے تہواروں کے دوران اونٹوں کے حُسن کے مقابلے بھی منعقد کیے جاتے ہیں، جہاں شوقین افراد اپنے اونٹوں پر لاکھوں ڈالر خرچ کرتے ہیںتاہم بعض بددیانت افراد غیر قانونی طریقوں سے برتری حاصل کرنے کی کوشش بھی کرتے ہیں۔




