آزادکشمیرمیں اسٹیٹک فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے قیام کیلئے بڑی پیشرفت

مظفرآباد:عدالت عظمیٰ کی جانب سے اسٹیٹک فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے قیام سے متعلق جاری احکامات کی تعمیل میں فوڈ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران پر مشتمل کمیٹی نے راڑہ کے مقام پر محکمہ امورِ حیوانات کی عمارت کا تفصیلی معائنہ کیا۔

دورہ اس مقصد کے تحت کیا گیا کہ مذکورہ عمارت میں اسٹیٹک فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے قیام کے لیے دستیاب جگہ، انفراسٹرکچر، تکنیکی ضروریات اور انتظامی امور کا جائزہ لیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد: پاپڑ804سمیت متعددفوڈ مصنوعات پرپابندی عائد

معائنہ میں محکمہ خوراک، محکمہ زراعت، محکمہ امورِ حیوانات، سنٹرل ڈیزائن آفس(سی ڈی او)، اور بلڈنگ اینڈ ہاؤسنگ، کے اعلیٰ آفیسران نے شرکت کی۔

اس کے علاوہ متعلقہ تکنیکی و فیلڈ افسران بھی معائنے کے عمل میں شامل تھے۔دورے کے دوران لیبارٹری کے قیام سے متعلق ابتدائی ورکنگ، عمارت کی ساخت، سیکیورٹی انتظامات، بجلی، پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کا جائزہ لیا گیا اور ابتدائی سطح پر ضروری امور کو مکمل کیا گیا۔

مختلف محکموں کے افسران نے اپنی اپنی ذمہ داریوں کے حوالے سے تجاویز اور مشاہدات بھی پیش کیے۔حکام کے مطابق اسٹیٹک فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے قیام سے خوراک کے معیار کی جانچ کے نظام کو مضبوط بنانے، غیر معیاری و مضرِ صحت اشیاء کے خلاف مؤثر کارروائی اور عوام کو محفوظ خوراک کی فراہمی میں نمایاں مدد ملے گی۔

اس حوالے سے آئندہ مرحلے میں سفارشات مرتب کر کے متعلقہ فورمز کو ارسال کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی، متعدد کمپنیوں کی مصنوعات پر پابندی عائد

افسران میں سیکرٹری خوراک /وائس چیئرمین آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی سردار سہیل اعظم ،سیکرٹری زراعت،امور حیوانات وجاہت رشید بیگ ، ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ ڈاکٹر محمد اعجاز خان، ڈائریکٹر جنرل سینٹرل ڈیزائن آفس جواد لطیف ، ڈائریکٹر جنرل/ چیف انجینئر سینٹرل ڈیزائن آفس سردار احسان الحق خان ودیگر شامل تھے۔

یاد رہے کہ آزادکشمیر میں چیکنگ وغیرہ کم ہونے پر زیادہ تر دو نمبر اشیاء فروخت کی جا تی ہیں، کئی بار فوڈ اتھارٹی بھی کارروائی کررہی ہے لیکن قابو نہیں پایا جا سکا۔

Scroll to Top