راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اسلامی فوجی اتحاد برائے انسداد دہشت گردی (آئی ایم سی ٹی سی) کے سیکرٹری جنرل میجر جنرل محمد بن سعید المغیدی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی ہے۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ آئی ایم سی ٹی سی کا 17 رکنی وفد 2 سے 6 فروری تک پاکستان کے دورے پر ہے، جو نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی میں انتہا پسند عناصر کے دوبارہ انضمام اور بحالی کے موضوع پر ایک ہفتے کی تربیت میں شریک ہے۔
بیان کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں خصوصاً علاقائی سلامتی کی صورتحال اور انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔ دونوں فریقین نے دہشت گردی اور انتہا پسندی سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون پر مبنی حکمت عملیوں، انٹیلی جنس شیئرنگ اور رکن ممالک کے درمیان صلاحیتوں کی تعمیر کے ذریعے مشترکہ اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ترکیہ آرمی چیف جنرل سلجوک بایراکتار اوغلو پاکستان پہنچ گئے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اسلامی دنیا میں استحکام کے فروغ اور انسداد دہشت گردی کے مربوط اقدامات کو آگے بڑھانے میں آئی ایم سی ٹی سی کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے خطے میں امن اور سلامتی کے لیے اجتماعی اور ادارہ جاتی تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
میجر جنرل محمد بن سعید المغیدی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی نمایاں خدمات اور قربانیوں کا اعتراف کیا اور پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق ملاقات میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے لیے ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے۔
مزید پڑھیں: افواج پاکستان ہر خطرے سے نمٹنے کیلئے تیار ہے،فیلڈ مارشل عاصم منیر
بیان میں یاد دلایا گیا کہ اسلامی فوجی اتحاد برائے انسداد دہشت گردی 43 ممالک پر مشتمل ایک فوجی اتحاد ہے، جو دسمبر 2015 میں سعودی عرب کی قیادت میں قائم کیا گیا تھا۔ اس اتحاد کا مقصد مسلم ممالک کی دہشت گردی کے خلاف کوششوں کو یکجا کرنا ہے۔ اس اتحاد میں پاکستان، سعودی عرب، ترکی، افغانستان، مصر، اردن، قطر، فلسطین، متحدہ عرب امارات، بنگلہ دیش اور دیگر مسلم ممالک شامل ہیں۔




