عازمین حج

سعودی وزارت حج و عمرہ نے 1800 غیر ملکی ٹریول ایجنسیز کےخلاف بڑا اقدام اٹھا لیا

ریاض:سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ نے عمرہ خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے 1,800 غیر ملکی عمرہ ٹریول ایجنسیوں کے معاہدے معطل کر دیے ہیں۔ یہ اقدام ناقص کارکردگی اور طے شدہ سروس معیار پر پورا نہ اترنے کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔

خلیج میڈیا رپورٹس کے مطابق معطل کی جانے والی یہ ایجنسیاں عمرہ شعبے میں کام کرنے والی مجموعی طور پر تقریباً 5,800 ایجنسیوں کا ایک نمایاں حصہ ہیں، جس کے باعث اس فیصلے کو عمرہ سیکٹر میں ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

وزارتِ حج و عمرہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ فیصلہ باقاعدہ پیریاڈک ایویلیوایشن کے بعد سامنے آیا، جس کے دوران متعدد غیر ملکی ایجنسیوں کی کارکردگی میں سنگین نوعیت کی خامیاں نوٹ کی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: رواں برس حج پر جانے کے خواہشمند عازمین کے لیے اہم خبر آگئی

وزارت کے ترجمان غسان النعیمی کے مطابق متاثرہ ایجنسیوں کو 10 دن کی مہلت دی گئی ہے تاکہ وہ نشاندہی کی گئی خامیوں کو دور کر سکیں اور مقررہ معیار پر پورا اتر سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ معطلی کا اطلاق فی الحال صرف نئے عمرہ ویزوں کے اجرا تک محدود ہوگا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ جو ایجنسیاں مقررہ مدت کے اندر وزارت کے طے شدہ معیار کو پورا کر لیں گی، ان کے معاہدے دوبارہ بحال کر دیے جائیں گے۔

وزارتِ حج و عمرہ نے عوام کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ زائرین جن کے ویزے پہلے ہی جاری ہو چکے ہیں یا جن کی بکنگ پہلے سے موجود ہے، اس فیصلے سے متاثر نہیں ہوں گے اور ان کی سہولیات بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہیں گی۔

مزید پڑھیں: ارکان پارلیمنٹ کو فری حج کرانے کی تجویزہے نہ کسی کا کوٹہ،سردار محمد یوسف

غسان النعیمی کے مطابق وزارت آئندہ بھی نگرانی اور جانچ کے نظام کو مؤثر انداز میں استعمال کرتی رہے گی تاکہ زائرین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور عمرہ شعبے کی ساکھ کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ جو ایجنسیاں مقررہ مہلت میں خامیوں کو دور کرنے میں ناکام رہیں گی ان کے خلاف مزید سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Scroll to Top