لاہور (کشمیر ڈیجیٹل نیوز)پاکستان نے تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے آخری مقابلے میں آسٹریلیا کو جیت کے لیے 208 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جا رہے اس میچ میں قومی ٹیم کو سیریز میں پہلے ہی 2-0 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل ہے، جس کے باعث گرین شرٹس پُراعتماد انداز میں میدان میں اتری ۔
پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز اسکور کیے، جو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کا اب تک کا سب سے بڑا مجموعی اسکور ہے ۔
پاکستان کی بیٹنگ لائن نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔ اوپنربیٹر صائم ایوب نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 50 رنز اسکور کیے، جب کہ سابق کپتان بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 50 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:انڈر 19ورلڈ کپ :بھارت نے پاکستان کو جیت کیلئے 253 رنز کا ہدف دیدیا
مڈل آرڈر میں شاداب خان نے تیز رفتار 46 رنز بنا کر مجموعی اسکور کو مضبوط بنیاد فراہم کی ۔ ان کے علاوہ خواجہ نافع نے 21 رنز بنائے، فخر زمان 10 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، جبکہ کپتان سلمان علی آغا صرف 5 رنز بنا سکے ۔
آسٹریلیا کی جانب سے بولنگ میں بین وارشوس نمایاں رہے جنہوں نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، تاہم مجموعی طور پر کینگروز کے بولرز پاکستانی بیٹنگ لائن کو قابو میں رکھنے میں ناکام رہے ۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کپتان سلمان علی آغا نے بتایا کہ ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں ۔ ان کے مطابق فخر زمان، خواجہ نافع اور شاہین شاہ آفریدی کو فائنل الیون میں شامل کیا گیا ہے ۔
کپتان کا کہنا تھا کہ ٹیم کا مورال بلند ہے اور سیریز کے آخری میچ میں بھی کامیابی کے ساتھ اختتام کی کوشش کی جائے گی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:قومی ٹیم کے اسپنرز نے آسٹریلیا کی تمام 10وکٹیں اپنے نام کیں
اب آسٹریلیا کو سیریز بچانے کے لیے 208 رنز کا مشکل ہدف درپیش ہے جبکہ پاکستان کی نظریں کلین سوئپ پر مرکوز ہیں ۔




