ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرنے کی صورت میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے متبادل حکمتِ عملی تیار کر لی ہے جبکہ حتمی فیصلہ آج ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے متعلق اہم پیش رفت آج متوقع ہے اور اسی تناظر میں پی سی بی کی آئندہ تیاریوں پر بھی غور مکمل کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف سے آج چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی ملاقات شیڈولڈ ہے۔وزیراعظم اور وزیر داخلہ کے درمیان یہ ملاقات آج شام 6 بجے ہونے کا امکان ہے جس کے بعد ورلڈ کپ کے حوالے سے باضابطہ اعلان متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ آج ہونے کا امکان ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ورلڈ کپ میں شرکت سے متعلق حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کریں گے، جس کے بعد آئندہ لائحہ عمل واضح ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل آئی سی سی اور کھلاڑیوں کی تنظیم میں شدید اختلافات
اسی سلسلے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے فیصلے کے بعد قومی ٹیم کی کٹ کی رونمائی سے متعلق بھی فیصلہ کیا جائے گا۔ اگر پاکستان ورلڈ کپ میں شرکت کرتا ہے تو کٹ کی رونمائی کی جائے گی، تاہم اگر پاکستان ورلڈ کپ کے لیے نہیں جاتا تو کٹ کی رونمائی نہیں کی جائے گی۔
مزید یہ کہ ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرنے کی صورت میں پاکستان کرکٹ بورڈ پہلے ہی متبادل پلان تیار کر چکا ہے۔ ذرائع کے مطابق اگر پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تو لاہور میں چار ٹیموں پر مشتمل ایک ٹورنامنٹ کرایا جائے گا۔
مزید پڑھیں: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے اخراج،آئی سی سی کا فیصلہ قبول کرتے ہیں،بنگلہ دیش
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ممکنہ ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان ٹیم، شاہینز اور انڈر 18 ٹیموں کے کھلاڑیوں کو چار ٹیموں میں تقسیم کیا جائے گا۔ اس حوالے سے تمام انتظامی اور عملی امور کا ابتدائی خاکہ تیار کر لیا گیا ہے، تاہم حتمی عمل درآمد کا دارومدار آج ہونے والے فیصلے پر ہوگا۔




