محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں موسم کی صورت حال سے متعلق تازہ پیشگوئی جاری کر دی ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج بروز اتوار ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک ر ہے گا جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی برقرار رہنے کا امکان ہے ۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کشمیر ، شمالی بلوچستان، گلگت بلتستان اور بالائی خیبرپختونخوا میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے، جہاں چند مقامات پر ہلکی بارش اور ہلکی برفباری کا بھی امکان ہے۔ یہ سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہ سکتا ہے، خصوصاً شمالی اور پہاڑی علاقوں میں سردی کی شدت میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ایک اور مغربی موسمی سسٹم ملک میں داخل، شمالی علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان
گزشتہ روز ہفتے کو بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا، جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی ریکارڈ کی گئی۔ گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا اور شمالی بلوچستان کے بعض علاقوں میں جزوی طور پر ابر آلود موسم رہا اور کہیں کہیں ہلکی بارش اور برفباری ہوئی ۔
کم سے کم درجہ حرارت کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ لہہ میں پارہ منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، گوپس میں منفی 7، استور اور کالام میں منفی 6، مالم جبہ اور اسکردو میں منفی 4، زیارت میں منفی 3 جبکہ پاراچنار، ہنزہ اور قلات میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ رہا ۔
اسی طرح اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 5، کوئٹہ میں 2، قلات میں منفی 2، مری میں 0، لاہور میں 7، کراچی میں 12، پشاور میں 6 اور مظفرآباد میں 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بارشوں، برفباری کا نیا سلسلہ کب شروع ہوگا؟ محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کردیا
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو سردی کی شدت کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں رہائش پذیر افراد اور سردی سے متاثرہ علاقوں کے مکینوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ خود کو اور بچوں کو مناسب طور پر گرم رکھیں اور غیر ضروری طور پر سرد موسم میں باہر نکلنے سے گریز کریں ۔




