امریکا

امریکا ایک سے دو دن کے اندر ایران پر حملہ کر سکتا ہے : سردار مسعود خان

اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل نیوز) امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر سردار مسعود خان نے خبردار کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدہ صورتحال اب ممکنہ جنگ کے مرحلے تک پہنچ چکی ہے ۔

نجی ٹی وی چینل میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک سے دو دن کے اندر امریکا کی جانب سے ایران پر ممکنہ حملہ ہو سکتا ہے ۔

سردار مسعود خان نے بیان دیا کہ امریکی صدر ٹرمپ ایران کے بارے میں غیر واضح اور مبہم بیانات دے رہے ہیں، جبکہ ایران نے واضح کر دیا ہے کہ اس بار وہ ماضی کی طرح محتاط ردعمل نہیں دے گا ۔

ان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان اب تک کوئی فعال سفارتی رابطہ قائم نہیں ہو سکا، جس سے صورت حال مزید کشیدہ ہو گئی ہے ۔

سابق سفیر نے مزید بتایا کہ اگر امریکا ایران پر حملہ کرتا ہے تو عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں پر نمایاں اثر پڑے گا، جس سے عالمی معیشت پر بھی دباؤ بڑھے گا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان کی عالمی سطح پر سفارتی کامیابیاں، بھارت تنہائی کا شکارہے:سردار مسعود

دوسری جانب امریکا نے بھی اپنی فوجی تیاری مکمل کر لی ہے اور سنا جا رہا ہے کہ حملہ ایک یا دو دن میں ممکن ہے ۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران نے جواباً بحری مشقیں شروع کر کے اپنے عسکری امکانات کا پیغام دے دیا ہے ۔

اگر امریکا حملہ کرتا ہے تو ایران خطے میں موجود امریکی اتحادیوں کو بھی نشانہ بنا سکتا ہے، جس سے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے ۔

سردار مسعود خان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال انتہائی خطرناک ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تنازع اگر بڑھا تو نہ صرف خطے میں بلکہ عالمی سطح پر بھی اثرات مرتب ہوں گے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:جموں و کشمیر کے عوام پاکستان کی دفاعی ڈھال ہیں ، سردار مسعود خان

انہوں نے زور دیا کہ سفارتی چینلز فعال کرنا اور مذاکرات کے ذریعے مسئلہ حل کرنا اب سب سے ضروری ہے تاکہ ممکنہ جنگ کی لپیٹ سے بچا جا سکے ۔

Scroll to Top