لاہور(کشمیر ڈیجیٹل نیوز)پاکستان نے تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا کو 90 رنزکے بڑے مارجن سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ۔
قذافی اسٹیڈیم لاہورمیں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنائے ۔
پاکستان کی اننگز:
پاکستان کی جانب سے کپتان سلمان علی آغا نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 40 گیندوں پر 76 رنز اسکور کیے اور نمایاں بلے باز رہے ۔ ان کا بھرپور ساتھ عثمان خان نے دیا جنہوں نے 36 گیندوں پر 53 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی ۔ شاداب خان نے 28 رنز بنائے جبکہ محمد نواز 9 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ واپس لوٹے ۔
میچ کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون میں 3 تبدیلیاں کی گئیں ۔ عثمان طارق، فہیم اشرف اور نسیم شاہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا جبکہ شاہین شاہ آفریدی ، سلمان مرزا اور فخر زمان کو آرام دیا گیا ۔
پاکستان کی اننگز کا آغاز کچھ خاص نہ رہا، صاحبزادہ فرحان صرف 5 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد صائم ایوب 23 اور بابر اعظم 2 رنز بناکرکریز چھوڑ گئے ۔ ابتدائی وکٹیں گرنے کے بعد کپتان سلمان علی آغا نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اننگز کو سنبھالا اور ٹیم کو بڑے اسکور تک پہنچایا ۔
آسٹریلیا کی اننگز:
199 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم پاکستانی اسپنرز کے سامنے بے بس نظر آئی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتی رہی ۔ آسٹریلیا کی پوری ٹیم 15.4 اوورز میں 108 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔
آسٹریلیا کی جانب سے کیمرون گرین نے 35 اور میتھو شارٹ نے 27 رنز اسکور کیے تاہم کوئی بھی بلے باز بڑی اننگز نہ کھیل سکا ۔
پاکستان کی بولنگ شاندار رہی ، ابرار احمد اور شاداب خان نے 3،3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ عثمان طارق نے 2 جبکہ صائم ایوب اور محمد نواز نے 1،1 وکٹ حاصل کی ۔
واضح رہے کہ پاکستان نے 7 سال بعد آسٹریلیا کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ہرایا ہے ۔




