اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے خبردار کیا ہے کہ رکن ممالک کی جانب سے واجب الادا رقوم کی عدم ادائیگی کے باعث اقوام متحدہ عنقریب مالیاتی بحران سے دوچار ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا ہے کہ اگر رکن ممالک نے فوری طور پر اپنے بقایا جات کی ادائیگی نہ کی تو اقوام متحدہ کے پروگرامز کو جاری رکھنا مشکل ہوجائے گا۔
انتونیو گوتریس نے تمام 193 رکن ممالک کو خط لکھ کر واجب الادا رقوم کی ادائیگی پر زور دیا ہے۔ سیکرٹری جنرل کے مطابق، عدم ادائیگیوں کی صورت میں اقوام متحدہ کے پاس جولائی تک فنڈز ختم ہو جائیں گے، جس کے بعد ادارے کے مالیاتی قوانین کو مکمل طور پر نئے سرے سے ترتیب دینا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمت 25 ہزار 500 روپے فی تولہ گر گئی
امریکا نے حال ہی میں اقوام متحدہ کو ادائیگیوں سے انکار کر دیا تھا اور اقوام متحدہ کی 31 ایجنسیوں سے دستبرداری اختیار کر چکا ہے، جس سے ادارے کی مالی حالت مزید نازک ہوگئی ہے۔ انتونیو گوتریس کے انتباہ سے ظاہر ہوتا ہے کہ عالمی ادارے کو فنڈز کی فوری فراہمی کے بغیر اپنے روزمرہ کے پروگرامز اور بین الاقوامی آپریشنز کو جاری رکھنا انتہائی مشکل ہو جائے گا۔




