ہنڈائی پاکستان نے گاڑی خریدنے کے خواہشمند صارفین کے لیے ایک اہم اور خوش آئند اقدام کرتے ہوئے اپنی مقبول ہائبرڈ سیڈان ایلانٹرا ہائبرڈ کو اقساط پر فروخت کرنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔
اس نئے فنانسنگ منصوبے کا مقصد ان صارفین کو سہولت فراہم کرنا ہے جو جدید ہائبرڈ گاڑی خریدنے کے خواہشمند تو ہیں مگر یکمشت ادائیگی میں مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔
کمپنی کے مطابق اس اقساطی منصوبے کے تحت صارفین اپنی مالی حیثیت کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف ڈاؤن پیمنٹ اور ماہانہ اقساط کے آپشنز میں سے انتخاب کر سکتے ہیں۔ اس سہولت کے بعد ہائبرڈ ٹیکنالوجی سے لیس گاڑی کی خریداری پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ قابلِ رسائی ہو گئی ہے۔
ہنڈائی پاکستان کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ایلانٹرا ہائبرڈ 1.6 HEV کی ایکس فیکٹری قیمت 98 لاکھ 95 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ صارفین کو 12، 18 اور 24 ماہ پر مشتمل اقساطی منصوبے فراہم کیے جا رہے ہیں، جن میں ڈاؤن پیمنٹ کی شرح اور قرض کی مدت کے حساب سے ماہانہ اقساط طے کی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: درآمدی گاڑیوں پر ڈیوٹی اور ٹیکسوں کے تعین سےمتعلق ایف بی آر کا اہم فیصلہ
12 ماہ کے اقساطی منصوبے میں اگر صارف 40 فیصد ڈاؤن پیمنٹ کا انتخاب کرے تو اسے 39 لاکھ 58 ہزار روپے پیشگی ادا کرنا ہوں گے، جبکہ ماہانہ قسط 5 لاکھ 19 ہزار 750 روپے مقرر کی گئی ہے۔ اسی 12 ماہ کے منصوبے میں اگر 50 فیصد ڈاؤن پیمنٹ دی جائے تو صارف کو 49 لاکھ 47 ہزار 500 روپے بطور پیشگی ادا کرنا ہوں گے، جبکہ ماہانہ قسط 4 لاکھ 28 ہزار 958 روپے ہوگی۔
18 ماہ کے اقساطی منصوبے میں 40 فیصد ڈاؤن پیمنٹ کے ساتھ پیشگی رقم 39 لاکھ 58 ہزار روپے رکھی گئی ہے، جبکہ ماہانہ قسط 3 لاکھ 46 ہزار 500 روپے ادا کرنا ہو گی۔ اگر صارف 50 فیصد ڈاؤن پیمنٹ کا انتخاب کرے تو پیشگی ادائیگی 49 لاکھ 47 ہزار 500 روپے اور ماہانہ قسط 2 لاکھ 85 ہزار 972 روپے مقرر کی گئی ہے۔
اسی طرح ہنڈائی پاکستان نے 24 ماہ پر مشتمل اقساطی منصوبہ بھی متعارف کرایا ہے، جس میں 60 فیصد ڈاؤن پیمنٹ لازمی قرار دی گئی ہے۔ اس منصوبے کے تحت صارفین کو 61 لاکھ 67 ہزار روپے پیشگی ادا کرنا ہوں گے، جبکہ ماہانہ قسط 1 لاکھ 64 ہزار 917 روپے مقرر کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ہونڈا نے 2026 کے لیے سی جی 125 اور سی ڈی 70 کے نئے ماڈلز متعارف کرا دیے
کمپنی کے مطابق ایلانٹرا ہائبرڈ کے ساتھ گاڑی پر 4 سال یا ایک لاکھ کلومیٹر جبکہ ہائبرڈ بیٹری پر 8 سال یا ایک لاکھ 60 ہزار کلومیٹر کی وارنٹی فراہم کی جا رہی ہے۔
تاہم کمپنی نے واضح کیا ہے کہ اقساطی سہولت مخصوص شرائط کے تحت فراہم کی جائے گی۔




