نادرا شناختی کارڈ

سائبر سیکیورٹی: نادرا نے پاکستان میں پہلا بَگ باؤنٹی چیلنج لانچ کر دیا

اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پاکستان میں پہلی مرتبہ بَگ باؤنٹی چیلنج کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد نوجوان طلبہ اور سائبر سیکیورٹی سے وابستہ ماہرین کی تکنیکی مہارتوں کو فروغ دینا اور قومی ڈیجیٹل شناختی نظام پر عوام کے اعتماد کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

نادرا کے مطابق یہ چیلنج ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) اور نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے۔ مقابلے کے دوران شرکاء ٹیموں کی صورت میں حصہ لیں گے اور سائبر سیکیورٹی سے متعلق کمزور پہلوؤں کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ ان کا تجزیاتی جائزہ پیش کریں گے۔

نادرا کا کہنا ہے کہ اس مقابلے کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو عملی سطح پر سائبر سیکیورٹی کے چیلنجز سے روشناس کروانا اور ڈیجیٹل نظام کو مزید محفوظ بنانے میں ان کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نادرا نے ریئل ٹائم شناختی کارڈ مانیٹرنگ ایپ متعارف کروا دی

علاقائی سطح پر بَگ باؤنٹی چیلنج کے مقابلے 27 جنوری سے مختلف شہروں میں شروع ہوں گے۔ ان شہروں میں صوابی، اسلام آباد، لاہور، کراچی اور کوئٹہ شامل ہیں، جہاں شرکاء کو اپنی تکنیکی مہارتیں آزمانے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

نادرا کے مطابق بَگ باؤنٹی چیلنج 2026 کی اختتامی تقریب نادرا ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقد کی جائے گی، تاہم اس تقریب کی حتمی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ نادرا کا مزید کہنا ہے کہ یہ اقدام ملک میں سائبر سیکیورٹی کے مجموعی معیار کو بہتر بنانے اور ڈیجیٹل شناختی نظام پر عوام کے اعتماد کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

مزید پڑھیں: شہری اب نادرا ایپ کے ذریعے اپنے بچے کی پیدائش آن لائن رجسٹر کرا سکتے ہیں

Scroll to Top