اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کو طبی معائنے کے لیے اسلام آباد کے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسپتال لے جایا گیا۔
سرکاری ٹی وی سے گفتگو میں عطا تارڑ نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے آنکھوں کے طبی ماہرین نے اڈیالہ جیل میں عمران خان کا معائنہ کیا۔ ماہرین کی سفارش پر سابق وزیراعظم کو پمز منتقل کیا گیا جہاں ان کی آنکھوں کا معائنہ کیا گیا۔ یہ کارروائی تقریباً 20 منٹ تک جاری رہی۔
یہ بھی پڑھیں: کیا عمران خان کو ہسپتال لے جایا گیا؟ طلال چوہدری کا تصدیق یا تردید سے انکار
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ معمول کی طبی کارروائی کے بعد عمران خان کو ضروری ہدایات کے ساتھ واپس اڈیالہ منتقل کر دیا گیا۔ دوران طبی کارروائی، سابق وزیراعظم بالکل مستحکم اور صحت مند تھے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ تمام قیدیوں کو ڈاکٹر تک رسائی دی جاتی ہے اور یہ رولز کے مطابق ہے، اس لیے عمران خان بالکل صحت مند ہیں۔
یہ پیش رفت اس دوران سامنے آئی ہے جب سوشل میڈیا پر عمران خان کو پمز منتقل کرنے کی خبریں گردش کر رہی تھیں، تاہم حکومت کی طرف سے کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی تھی۔




