کراچی میں ڈی جی آئی ایس پی آر کی جامعہ کراچی آمد کے موقع پر طلباء اور اساتذہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا۔
جامعہ کراچی پہنچنے پر اساتذہ، طلباء اور فیکلٹی ممبران نے ڈی جی آئی ایس پی آر کا والہانہ استقبال کیا۔ اس خصوصی نشست میں اساتذہ اور طلباء نے شرکت کی اور مختلف امور پر گفتگو کی گئی۔
نشست کے دوران اساتذہ اور طلباء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی عوام اور مسلح افواج قومی سلامتی کے خلاف کسی بھی چیلنج کا متحد ہو کر مقابلہ کریں گے۔ اساتذہ کا کہنا تھا کہ بغیر تحقیق معلومات پھیلانا معاشرتی انتشار کا سبب بنتا ہے، جبکہ پاک فوج کا تعلیمی اداروں سے رابطہ نوجوانوں کے اعتماد اور قومی سوچ میں اضافہ کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈی جی آئی ایس پی آر کی طلبہ کے ساتھ نشست، نوجوانوں کو ڈیجیٹل محاذ پر قومی کردار کا شعور دیا گیا
اساتذہ نے اس بات پر زور دیا کہ طلباء کو درست معلومات تک رسائی دینا اور انہیں حقائق سے آگاہ رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں اور قومی اداروں کے درمیان اس طرح کے روابط مثبت اور تعمیری کردار ادا کرتے ہیں۔
خصوصی نشست کے دوران طلباء نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ طلباء کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل ملک کے دفاع میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے اور سوشل میڈیا پر دشمن کے گمراہ کن بیانیے کو ناکام بنائے گی۔
طلباء نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر مس انفارمیشن اور ڈس انفارمیشن مہمات سے باخبر رہنے کے حوالے سے ڈی جی آئی ایس پی آر کی گفتگو انتہائی سیر حاصل رہی، جس سے انہیں آگاہی حاصل ہوئی اور موجودہ حالات کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد ملی۔
یہ بھی پڑھیں: ڈی جی آئی ایس پی آر کی کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد میں خصوصی نشست
خصوصی نشست میں طلباء اور اساتذہ نے ڈی جی آئی ایس پی آر کے خیالات کو سراہا اور اسے معلوماتی اور مؤثر قرار دیا۔




