مظفرآباد پولیس کی اغواء، ڈکیتی اور بلیک میلنگ میں ملوث منظم گینگ کیخلاف کامیاب کاروائی

مظفرآباد :سٹی پولیس مظفرآباد نے ہنی ٹریپ کے ذریعے اغواء، ڈکیتی اور بلیک میلنگ جیسے سنگین جرائم میں ملوث ایک منظم گینگ کو گرفتار کر کے بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے۔

ترجمان سٹی پولیس کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق مظفرآباد شہر میں گزشتہ کچھ عرصے سے ہنی ٹریپ کے ذریعے مختلف افراد کو لوٹنے کے متعدد واقعات رپورٹ ہو رہے تھے، جس پر پولیس کی اعلیٰ قیادت نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی اقدامات کا فیصلہ کیا۔

ترجمان کے مطابق سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس مظفرآباد ریاض حیدر بخاری کی ہدایات پر ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی، جس میں اشتیاق گیلانی DSP نصیرآباد، فیصل شفیق DSP سٹی مظفرآباد، زاہد عمر انسپکٹر CIA، وجاہت کاظمی SHO سٹی مظفرآباد، محسن علی SHO چھتر کلاس، نوید الحسن SHO صدر مظفرآباد اور لیاقت حمید چوکی افسر جلال آباد شامل تھے۔ اس ٹیم نے جدید تکنیکی بنیادوں پر معلومات اور شواہد اکٹھے کر کے انتہائی مہارت سے کام کرتے ہوئے ملزمان کو ٹریس کیا۔

یہ بھی پڑھیں: عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر اسیر رہنما یاسین ملک کی رہائی کے لیے ریلی نکالی گئی

پولیس کے مطابق یہ گینگ خاتون کے ذریعے مختلف افراد کو پہلے پیار و محبت کا جھانسہ دے کر مظفرآباد بلاتا تھا، بعد ازاں اسلحہ کی نوک پر اغواء کر کے ویران مقامات پر قائم کمروں میں بند کر دیا جاتا تھا۔ ملزمان متاثرہ افراد سے نقدی اور قیمتی اشیاء لوٹنے کے ساتھ ساتھ تاوان بھی وصول کرتے تھے، جبکہ بعد میں متاثرہ شخص کی برہنہ ویڈیوز اور گھر کی تصاویر بنا کر مزید بلیک میلنگ کی جاتی تھی۔ معاشرتی بدنامی کے خوف کے باعث کئی متاثرہ افراد پولیس سے رجوع نہیں کر رہے تھے، جس کے باعث ان ملزمان کو ٹریس کرنا ایک بڑا چیلنج تھا۔

خصوصی ٹیم نے مورخہ 21 جنوری 2026 کو چھاپے مار کارروائی کے دوران راجہ عمر شریف ولد شریف، مسماۃ عمامہ زوجہ عمر شریف، راجہ فرحان ولد جاوید، راجہ دلاور ولد رشید اور عاطف اسحاق ولد محمد اسحاق کو مظفرآباد کے مختلف علاقوں سے گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ صدر مظفرآباد میں مقدمات درج کر کے انہیں بند حوالات کر دیا گیا۔ دوران تفتیش مزید انکشافات سامنے آئے، جن کی بنیاد پر دیگر مقدمات میں بھی انہیں نامزد کیا گیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان کے زیر استعمال موبائل فونز ضبط کر کے فرانزک تجزیے کے لیے بھجوا دیے گئے ہیں، جبکہ وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد ہوا ہے، جس پر علیحدہ قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ گرفتار گینگ کے دو افراد پولیس ملازم بھی نکلے، جن میں ایک مرد اور ایک خاتون شامل ہیں۔ ملزمان کے خلاف اغواء برائے تاوان، ڈکیتی اور دیگر سنگین جرائم کے تحت تھانہ صدر مظفرآباد، تھانہ سٹی مظفرآباد اور تھانہ چھتر کلاس میں مقدمات درج کر کے تفتیش جاری ہے۔

مزید پڑھیں: آزادکشمیر:برفباری اور دم گھٹنے سے 3 افراد جاں بحق،درجنوں پھنسے افراد ریسکیو

ترجمان کے مطابق مظفرآباد پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر وقت مستعد ہے اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ سوشل میڈیا کے غیر ضروری استعمال سے گریز کریں۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، جس کے دوران مزید اہم انکشافات متوقع ہیں۔

Scroll to Top