عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے اور چاندی کی قیمتوں کا نیا ریکارڈقائم

عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جہاں قیمتی دھاتوں کی قیمتوں نے نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت پہلی بار 5 ہزار ڈالر کی نفسیاتی حد عبور کر گئی ہے، جس کے باعث عالمی سطح پر سرمایہ کاروں کی جانب سے محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر سونے کی طلب میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق عالمی منڈی میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان آج بھی برقرار ہے۔ اسی رجحان کے تحت عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جہاں سونا 5 ہزار ڈالر فی اونس سے تجاوز کر گیا۔ عالمی سطح پر قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں اس تیزی کے اثرات براہِ راست پاکستان کی مقامی مارکیٹ میں بھی دیکھے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں ایک تولہ سونا 505,000 روپے کا ہو گیا

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 6 ہزار 500 روپے کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد فی تولہ سونا 5 لاکھ 21 ہزار 162 روپے کی بلند ترین سطح پر جا پہنچا۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 5 ہزار 573 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد 10 گرام سونا 4 لاکھ 46 ہزار روپے میں فروخت ہونے لگا۔

چاندی کی قیمتوں میں بھی غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں چاندی کی قیمت میں 4 فیصد سے زائد اضافہ ہوا، جس کے بعد فی اونس چاندی 108 ڈالر میں فروخت ہونے لگی۔ ماہرین کے مطابق صنعتی استعمال اور سرمایہ کاری کی بڑھتی ہوئی طلب نے چاندی کی قیمتوں کو بھی اوپر کی جانب دھکیل دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمت میں کمی، فی تولہ سونا کتنے کا ہو گیا؟

مقامی مارکیٹ میں بھی چاندی کی قیمتوں میں نمایاں تیزی دیکھی گئی، جہاں فی تولہ چاندی کی قیمت 526 روپے بڑھ کر 10 ہزار 801 روپے کی بلند ترین سطح پر جا پہنچی۔ یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کے آخری کاروباری روز بھی پاکستان میں عالمی مارکیٹ کے زیرِ اثر سونے اور چاندی کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔

Scroll to Top