میرپور : بھاری بلوں کیخلاف عوام سراپا احتجاج ، حکومت کو 15 دن کی مہلت

میرپور (محمد اعظم،کشمیر ڈیجیٹل)میرپور منگلا آئیسکو کے بھاری بلوں کیخلاف عوام سراپا احتجاج، جوائنٹ ایکشن کمیٹی پر مکمل اعتماد کا اظہارکیا ۔ میرپور آزاد کشمیر منگلا آئیسکو کی جانب سے عوام پر بھاری بجلی بلوں کے نفاذ کیخلاف عوام علاقہ شدید احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے۔

سینکڑوں افراد نے جوائنٹ ایکشن کمیٹی پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس کے فیصلوں کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔احتجاج کے دوران مظاہرین کا کہنا تھا کہ منگلا آئیسکو کی جانب سے عوام پر بلاجواز اضافی بوجھ ڈالا جا رہا ہے، جسے کسی صورت قبول نہیں کرینگے۔

مقررین نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کے بلوں میں غیرمنصفانہ اضافے کے باعث عام آدمی کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے اور لوگ مہنگائی کے طوفان میں پس رہے ہیں۔

منگلا کے رہائشیوں کے بل بھی آزادکشمیر بھر میں جاری ہونیوالے ٹیرف کے مطابق کئے جائیں۔ احتجاجی ریلی میں شریک عوامی ایکشن کمیٹی کور کمیٹی کے ممبر خواجہ مہران ایڈووکیٹ نے حکومت کو پندرہ دن کی مہلت دیتے ہوئے اعلان کیا کہ اگر منگلا کے معاملات کو جلد از جلد یکسو نہ کیا گیا تو عوام سخت اقدامات پر مجبور ہو جائیں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگر مطالبات پورے نہ ہوئے تو منگلا کے انٹری پوائنٹ کو احتجاجاً بند کر دیا جائے گا، جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہو گی۔

جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے عہدیداروں نے کہا کہ عوام کے حقوق کے لیے ہر حد تک جائیں گے اور حکومت کو عوامی مسائل حل کرنے پر مجبور کریں گے۔

مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ منگلا آیسکو کے ناجائز بلات کو فوری واپس لیا جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کر دیا جائے گا۔

Scroll to Top