جیکو جے فائیو: کم قیمت ہائبرڈ ایس یو وی کی مارکیٹ میں انٹری

چینی ہائبرڈ ایس یو وی جیکو جے فائیو کو منشا گروپ کی ملکیت نشاط موٹرز نے پاکستانی آٹو مارکیٹ میں لانچ کر دیا ہے۔ اس گاڑی کی آمد کے ساتھ ہی سب سے زیادہ توجہ اس کی قیمت پر مرکوز ہو گئی ہے، جو اسی سیگمنٹ میں موجود دیگر ہائبرڈ ایس یو ویز کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم رکھی گئی ہے۔

ظاہری ساخت کے اعتبار سے جیکو جے فائیو ان گاڑیوں جیسی دکھائی دیتی ہے جو 2019 کے بعد پاکستانی مارکیٹ میں متعارف ہوئیں، تاہم قیمت کے معاملے میں اس نے خریداروں اور آٹو انڈسٹری میں نئی بحث کو جنم دیا ہے۔ نشاط گروپ کی جانب سے جے فائیو کو دو مختلف ویریئنٹس میں متعارف کروایا گیا ہے۔

پہلا کمفرٹ ویریئنٹ ہے، جس میں نسبتاً کم فیچرز شامل کیے گئے ہیں اور اس کی قیمت 66 لاکھ 99 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ دوسرا پریمیم ویریئنٹ ہے، جو زیادہ فیچرز کے ساتھ 76 لاکھ 99 ہزار روپے میں لانچ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جیکو کمپنی پاکستان کی جے فائیو سستی ترین گاڑی متعارف

اس قیمت پر جیکو جے فائیو کو پاکستانی مارکیٹ میں دستیاب ہائبرڈ الیکٹرک ایس یو ویز میں سب سے کم قیمت گاڑی قرار دیا جا رہا ہے۔ جے فائیو کا شمار بی سیگمنٹ ایس یو وی میں ہوتا ہے، یعنی یہ درمیانے سائز کی ایس یو وی ہے۔ پاک ویلز کے مطابق سنیل منج کا کہنا ہے کہ جیکو جے فائیو کو دیگر بی سیگمنٹ ایس یو ویز کے مقابلے میں قدرے بڑے سائز میں ڈیزائن کیا گیا ہے۔

گاڑی کی لانچ کے بعد اس حوالے سے مختلف سوالات بھی سامنے آئے ہیں۔ ان میں سب سے اہم سوال یہ ہے کہ نشاط موٹرز اپنے حریفوں کے مقابلے میں اتنی کم قیمت پر گاڑی فروخت کرنے میں کیسے کامیاب ہوئی ہے۔ اسی طرح یہ سوال بھی زیرِ بحث ہے کہ آیا یہ حکمتِ عملی مستقبل میں بھی برقرار رہ سکے گی یا نہیں۔

پاکستانی آٹو مارکیٹ میں اس سیگمنٹ میں جیکو جے فائیو کے قریبی حریفوں میں ہیول جولین ہائبرڈ الیکٹرک ایس یو وی شامل ہے، جس کی قیمت جیکو جے فائیو سے 25 لاکھ روپے زیادہ ہے۔ اسی طرح جیکو جے فائیو کی قیمت ٹویوٹا کرولا کراس اور ہونڈا ایچ آر وی دونوں سے کم ہے، جن کی قیمتیں بالترتیب 85 لاکھ روپے اور 89 لاکھ روپے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ٹویوٹا کی گاڑی 25 لاکھ روپے تک سستی ؟اہم وجہ سامنے آگئی

کمفرٹ ویریئنٹ کی قیمت جیکو جے فائیو کو سیڈان کیٹیگری کی گاڑیوں کی قیمتوں کے قریب بھی لے آتی ہے۔ نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے سنیل منج نے کہا کہ جے فائیو کو اس قیمت پر متعارف کروایا گیا ہے جو سیڈان خریدنے کے خواہشمند خریداروں کو ایس یو وی کی جانب متوجہ کر سکتی ہے۔

Scroll to Top