ملک بھر میں شدید سردی کی لہر جاری ہے جبکہ آج اور کل کے دوران شدید برفباری کے ایک طاقتور اسپیل کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ سیاحوں کو خصوصی طور پر ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پہاڑی علاقوں کی طرف سفر سے گریز کریں کیونکہ برفباری کے باعث بجلی اور انٹرنیٹ کی سہولیات بری طرح متاثر ہو چکی ہیں اور وہاں مقیم افراد شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق برفباری اور بارش برسانے والا ایک نیا اور طاقتور موسمی سسٹم آج ملک میں داخل ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا ایک اور سلسلہ آج داخل ہوگا، جس کے نتیجے میں آج رات سے بارشوں اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس نئے سسٹم کے تحت آزاد کشمیر، بلوچستان، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں بارش اور برفباری متوقع ہے۔ اسی طرح مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں بھی بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ 25 سے 26 جنوری کے دوران سندھ کے متعدد علاقوں میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بارشوں، برفباری کا نیا سلسلہ کب شروع ہوگا؟ محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کردیا
دوسری جانب بلوچستان میں آج رات سے 27 جنوری تک مزید بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اس عرصے کے دوران مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری متوقع رہے گی۔ کوئٹہ، گوادر، جیوانی، پسنی، اورماڑہ، خضدار، کیچ، تربت، چاغی، تفتان، نوکنڈی، دالبندین، پنجگور، قلات، واشک، سوراب، ژوب، مستونگ، خاران، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، لورالائی، موسیٰ خیل اور آواران میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ معتدل بارش کا امکان ہے۔
اسی طرح جیوانی، پسنی، خضدار، آواران، چاغی، پنجگور اور کیچ میں بعض مقامات پر شدید بارش ہو سکتی ہے، جبکہ کچھی، سبی، زیارت، ہرنائی، دکی، لورالائی اور لسبیلہ میں ہلکی بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ زیارت، چمن، پشین، ہرمازئی، خانوزئی اور کان مہترزئی میں برفباری ہو سکتی ہے، جبکہ مسلم باغ، لوئی بند، قلعہ عبداللہ، گلستان اور دوبندی میں ہلکی سے معتدل برفباری اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر،شدید بارشوں وبرفباری سےبڑے پیمانے پر نقصان،تفصیلات آ گئیں
شدید بارش کے باعث گوادر، جیوانی، پسنی، آواران، چاغی اور کیچ میں شہری ندی نالوں اور پہاڑی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ اس ممکنہ صورتحال کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے مقامی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ضروری حفاظتی اقدامات مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
تیز ہواؤں کے ساتھ آسمان پر بادلوں کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ۔۔۔۔۔ pic.twitter.com/EgnH4TGvcL
— Kashmir Digital (@KashmirDigital1) January 26, 2026




