برطانیہ میں جیٹ 2 کمپنی کی ایک پرواز نے 30 سے زائد مسافروں کو بھول کر اڑان بھر لی جس کے بعد مسافر شدید حیرت اور پریشانی میں مبتلا ہو گئے۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فلائٹ ایل ایس 879 مانچسٹر سے اسپین کے لیے روانہ ہوئی لیکن طیارے میں پیچھے چھوڑے گئے 30 سے زائد مسافروں کو سوار کیے بغیر پرواز مکمل ہو گئی۔
مسافروں کو اس وقت دھچکا لگا جب وہ بورڈنگ پاسز کے ساتھ طیارے کی جانب روانہ ہوئے اور پہنچنے پر دیکھا کہ طیارہ روانہ ہو چکا ہے اور وہ ایک بند جگہ پہنچے ہوئے تھے، یہ30 سے زائد مسافر ایئرپورٹ میں تقریباً 40 منٹ تک بھٹکتے رہے تاکہ صحیح جگہ تلاش کر سکیں اور طیارے تک پہنچ سکیں۔
ان میں سے ایک مسافر نے بتایا، “ہم ایئرپورٹ وقت پر پہنچے اور پھر بورڈنگ پاس لے کر طیارے کی جانب روانہ ہوئے، لیکن کسی بند جگہ پر پہنچ گئے۔ ہم سمجھ رہے تھے کہ عملے کا کوئی فرد دروازہ کھولے گا یا کوئی شٹل سروس ہماری منتظر ہوگی۔”
یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے نے ایم سی بی کارڈ ہولڈرز کیلئے خصوصی رعایتی سکیم متعارف کروادی
مسافر نے مزید کہا، “مگر 40 منٹ تک کچھ نہیں ہوا، ہم پریشان ہوگئے اور احساس ہونے لگا کہ ہم پنجرے میں قید جانور ہیں۔”
آخر کار جب وہ واپس لوٹے تو اس وقت طیارہ انہیں لیے بغیر روانہ ہو چکا تھا۔ مسافروں کو بتایا گیا کہ طیارہ روانہ ہو گیا ہے اور سب حیران رہ گئے کیونکہ طیارے کے عملے نے بورڈنگ پاسز کے مطابق مسافروں کو گننے کی زحمت نہیں کی تھی۔




