سام سنگ نے پاکستان میں گلیکسی S25 اور S25 الٹرا کی قیمتوں میں نمایاں کمی کر دی

سام سنگ نے پاکستان میں اپنے جدید فلیگ شپ اسمارٹ فونز گلیکسی S25 اور گلیکسی S25 الٹرا کی قیمتوں میں نمایاں کمی کر دی ہے، جس کے بعد صارفین کے لیے کمپنی کے مہنگے اور جدید ماڈلز کم قیمت میں خریدنے کا سنہری موقع ہے۔

سام سنگ کی جانب سے سب سے زیادہ رعایت گلیکسی S25 الٹرا پر دی گئی ہے، جس کی قیمت میں 85 ہزار روپے تک کمی کی گئی ہے۔ نئی قیمتوں کے مطابق 256 جی بی اسٹوریج والا گلیکسی S25 الٹرا اب 343,000 روپے میں دستیاب ہے، جس میں 62,000 روپے کی کمی کی گئی ہے۔

اسی طرح 512 جی بی ویریئنٹ کی قیمت 362,000 روپے مقرر کی گئی ہے، جس پر 78,000 روپے کی رعایت دی گئی ہے۔ سب سے زیادہ اسٹوریج رکھنے والا 1 ٹی بی ویریئنٹ 85,000 روپے کی کمی کے بعد اب 425,000 روپے میں دستیاب ہے۔

دوسری جانب گلیکسی S25 کی قیمت میں بھی کمی کی گئی ہے۔ اس کا بیس ویریئنٹ اب 270,000 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، جس میں 45,000 روپے کی کمی شامل ہے۔ ان نئی قیمتوں سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ صارفین متوجہ ہوں گے جو کسی ہائی اینڈ اسمارٹ فون کی تلاش میں ہیں مگر دیگر مہنگے متبادل خریدنے سے گریز کر رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: سام سنگ کے نئے سمارٹ فون نے مارکیٹ میں دھوم مچادی

ادھر سام سنگ کے آنے والے فلیگ شپ فون گلیکسی S26 الٹرا سے متعلق لیکس نے ٹیکنالوجی کی دنیا میں خاصی توجہ حاصل کر لی ہے۔ رپورٹس کے مطابق سام سنگ ممکنہ طور پر ایک نئی اور منفرد ٹیکنالوجی پرائیویسی ڈسپلے متعارف کروا سکتا ہے۔

لیک میں بتایا گیا ہے کہ یہ فیچر عوامی یا رش والی جگہوں پر صارف کی اسکرین کو دوسروں کی نظروں سے محفوظ رکھنے میں مدد دے گا، تاکہ قریب بیٹھے افراد یا اجنبی اسکرین کا مواد نہ دیکھ سکیں۔ مزید یہ کہ پرائیویسی ڈسپلے خودکار طور پر عوامی مقامات پر فعال ہو سکتا ہے۔

مشہور ٹیک بلاگر @achultra نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر One UI 8.5 کے ٹئیر ڈاؤن کے دوران اس فیچر کی جھلک شیئر کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق صارفین کو اس فیچر کی کسٹمائزیشن کے آپشنز بھی دیے جا سکتے ہیں، جن میں یہ طے کرنا شامل ہوگا کہ یہ فیچر کب، کن ایپس یا کن مواد کے لیے فعال کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: گلیکسی ایس26 ایج اور پرو ماڈل فہرست میں شامل نہیں، سام سنگ کی وضاحت

یہ لیک صارفین کی بڑھتی ہوئی پرائیویسی تشویش کے پیشِ نظر خاصی مثبت توجہ حاصل کر رہی ہے، تاہم سام سنگ کی جانب سے تاحال اس حوالے سے کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔ فی الحال اس پرائیویسی ڈسپلے کو ایک دلچسپ مگر غیر تصدیق شدہ جدت قرار دیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top