رمضان المبارک

رمضان 2026 میں دنیا بھر میں روزے کا دورانیہ کتنے گھنٹے ہوگا؟

رمضان المبارک 2026 کی متوقع تاریخ اور دنیا کے مختلف حصوں میں روزے کے دورانیے سے متعلق تفصیلات سامنے آ گئی ہیں، تاہم حتمی تاریخ کا اعلان حسبِ روایت چاند دیکھنے کے بعد 29 شعبان کو کیا جائے گا۔

گزشتہ سال اکتوبر میں متحدہ عرب امارات میں کیے گئے فلکیاتی حسابات کے مطابق رمضان 2026 کا آغاز متوقع طور پر 19 فروری کو ہو سکتا ہے، تاہم اسلامی تقویم کے مطابق چاند کی رویت کے بعد ہی رمضان کے آغاز کی حتمی تاریخ طے کی جائے گی۔

پاکستان میں رمضان المبارک کے دوران روزے کا دورانیہ موسم اور جغرافیائی محلِ وقوع کی بنیاد پر مختلف رہتا ہے۔ اندازوں کے مطابق رمضان 2026 میں پاکستان میں روزے کا دورانیہ تقریباً 13 سے ساڑھے 13 گھنٹے کے درمیان ہوگا۔ رمضان کے آغاز میں روزے کا دورانیہ قریباً 13 گھنٹے متوقع ہے جو ماہ کے اختتام تک بتدریج بڑھ کر ساڑھے 13 گھنٹے تک پہنچ سکتا ہے۔

رمضان 2026 میں مسلم ممالک کے مختلف حصوں میں روزوں کے اوقات میں فرق دیکھنے کو ملے گا۔ ابتدائی دنوں میں کئی ممالک میں روزہ تقریباً 12 گھنٹے کا ہوگا جبکہ رمضان کے اختتام تک یہ دورانیہ بڑھ کر 13 گھنٹے تک پہنچنے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: رمضان المبارک 18 فروری ،عیدالفطرکا چاند 21 مارچ کو نظرآنے کا امکان

موسمِ سرما کے اختتام اور شمالی نصف کرہ میں بہار کے آغاز کے باعث رمضان کے دوران دن کا دورانیہ نسبتاً کم ہوگا، تاہم مہینے کے ساتھ ساتھ دن کی روشنی کے اوقات میں اضافہ ہوتا جائے گا، جس کے نتیجے میں رمضان کے آخری ایام میں روزے کا دورانیہ قدرے طویل ہو جائے گا۔

مختلف ممالک میں روزے کے دورانیے میں فرق کی بنیادی وجہ جغرافیائی محلِ وقوع ہے۔ خطِ استوا کے قریب واقع ممالک میں دن اور رات کا دورانیہ سال بھر نسبتاً یکساں رہتا ہے، جبکہ شمال یا جنوب کی جانب واقع ممالک میں موسمی تبدیلیاں زیادہ نمایاں ہوتی ہیں۔

مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقا کے بیشتر مسلم اکثریتی ممالک میں رمضان کے آغاز پر دن نسبتاً چھوٹے ہوں گے اور روزے کے اوقات میں بتدریج اضافہ متوقع ہے۔ مصر میں روزے کا دورانیہ تقریباً 12 گھنٹے 40 منٹ سے شروع ہو کر ماہ کے آخر تک تقریباً 13 گھنٹے تک پہنچ سکتا ہے۔

سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، کویت، بحرین اور عمان سمیت خلیجی ممالک میں بھی روزوں کا دورانیہ 12 سے 13 گھنٹے کے درمیان رہنے کی توقع ہے، تاہم مختلف شہروں میں معمولی فرق ممکن ہے۔

لیونٹ اور عراق میں بھی روزوں کے اوقات اسی نوعیت کے رہنے کا امکان ہے، جبکہ شمالی افریقا کے ممالک جیسے مراکش، الجزائر اور تیونس میں طول البلد اور مقامی غروبِ آفتاب کے اوقات کے باعث معمولی فرق دیکھا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: رمضان المبارک میں شاپنگ مالز اور ریسٹورنٹس کے اوقاتِ کار میں تبدیلی

امریکا کے شہر نیویارک میں روزے کا دورانیہ تقریباً ساڑھے 12 گھنٹے سے شروع ہونے کی توقع ہے، جو رمضان کے آغاز میں مارچ کے اوائل تک بڑھ کر تقریباً 13 گھنٹے یا اس سے کچھ زیادہ ہو سکتا ہے۔

یورپ کے مختلف حصوں، جن میں برطانیہ، جرمنی اور اسکینڈینیویا شامل ہیں، میں بلند عرضِ بلد کے باعث روزے نسبتاً طویل ہوں گے۔ اگرچہ 2026 میں یہ دورانیہ بہت زیادہ نہیں ہوگا، تاہم مشرق وسطیٰ کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ رہے گا۔

Scroll to Top