آزادکشمیر :طوفانی برفباری،تین منزلہ مکان سمیت متعددزمین بوس

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)مظفرآباد کے علاقے دواریاں درگ میں شہری قیوم ملک کا تین منزلہ مکان برفباری کے باعث مکمل تباہ ہو گیا ۔مقامی افراد کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

دوسری جانب تحصیل دھیرکوٹ کے نواحی گاؤں نیلہ بٹ میں شدید برف باری کے باعث روز مارکی عمارت منہدم ہو گئی۔ تاہم کوئی بھی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ذرائع کے مطابق مسلسل برف پڑنے کی وجہ سے عمارت برف کا دباؤ،وزن برداشت نہ کر سکی اور گر گئی۔

تحصیل دھیرکوٹ کی واحد مارکی تھی جو برف باری کے باعث گر گئی ہے جبکہ چمیاٹی میں رضو ان نعیم ایڈووکیٹ اور ناصر اکرام ایڈووکیٹ کے گھر بھی گر گئے

مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر:شدید برفباری، تعلیمی ادارے 2 دن بند رکھنے کا اعلان

دوسری جانب مظفرآباد کے علاقے پیر چناسی میں شدید برفباری کے باعث مین شاہراہ بند ہوگئی جس کے باعث 25 افراد برف میں پھنس گئے

پھنسے تمام افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا۔ مجموعی طور پر 25 افراد کو نکالا گیا، جن میں 4 افراد جہلم (پاکستان) جبکہ باقی مظفرآباد سے تعلق رکھتے تھے۔

ریسکیو آپریشن ایکسٹرا اسسٹنٹ کمشنر حماد بشیر کی نگرانی میں ضلعی انتظامیہ، پولیس، ٹورازم پولیس اور ریسکیو 1122 کے باہمی تعاون سے کامیابی کے ساتھ مکمل کیا گیا۔ بروقت اور مربوط کارروائی کے باعث تمام افراد محفوظ رہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:چترال : برفانی تودہ گرنے سے ایک ہی خاندان کے 10 افراد جاں بحق

آزاد کشمیر میں طویل خشک سالی کے بعد ہونے والی شدید برف باری نے کئی سالوں کے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔

پہاڑی علاقوں سمیت میدانی خطے بھی برف کی سفید چادر میں ڈھک گئے ہیں۔ مسلسل برف باری کے باعث نظامِ زندگی بری طرح متاثر ہو گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق مختلف علاقوں میں بجلی کئی گھنٹوں سے معطل جبکہ بجلی کے پول اور تاریں ٹوٹنے کے باعث فوری بحالی ممکن نہیں رہی۔ شدید سردی کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

برف باری کے نتیجے میں اہم رابطہ سڑکیں بند ہو چکی ہیں، جس کی وجہ سے ٹریفک کی آمد و رفت معطل ہے اور دور دراز علاقوں میں اشیائے ضروریہ کی ترسیل متاثر ہو رہی ہے۔

ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے صورتحال پر قابو پانے کے لیے اقدامات شروع کر دئیے ہیں ۔

انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ سے رابطہ رکھیں۔

Scroll to Top