لیپہ (کشمیر ڈیجیٹل نیوز) وادی لیپہ میں شدید برف باری کے دوران ایک خوفناک حادثہ پیش آیا جب یونین کونسل بنے مولہ کے گاؤں انٹلیاں میں رہائش پذیر شاہد ولد نورزمان کے گھر کی چھت اچانک گر گئی ۔ تاہم خوش قسمتی سے گھر کی نچلی منزل میں موجود تمام اہلِ خانہ محفوظ رہے اور کسی کو کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔
واقعہ شدید برف باری کے دوران پیش آیا، جس نے علاقے میں گھروں اور سڑکوں کی صورتحال کو انتہائی خطرناک بنا دیا۔ انٹلیاں کے رہائشیوں کے مطابق چھت کی مضبوطی کے باوجود برف باری کی شدت کے باعث وہ اپنی جگہ ٹوٹ گئی۔ چھت گرنے کے وقت گھر کے افراد نچلی منزل پر موجود تھے، جس کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وادی لیپہ کا ’’دیوہیکل چنار کا درخت ‘‘عوام کی توجہ کا مرکز بن گیا
حادثے کے فوراً بعد مقامی نوجوان اور گاؤں کے دیگر باشندوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ خاندان کو محفوظ مقام پر منتقل کیا ۔ مقامی لوگوں نے نہ صرف اہلِ خانہ بلکہ ان کے مال مویشیوں کو بھی بروقت ریسکیو کر کے محفوظ کیا۔ مقامی نوجوانوں کی یہ فوری کارروائی متاثرہ خاندان کیلئے ایک بڑی راحت ثابت ہوئی، اور یہ واقعہ ایک بار پھر وادی میں کمیونٹی تعاون اور آپسی ہم آہنگی کی مثال پیش کرتا ہے ۔
علاقائی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں بھی متاثرہ مقام پر پہنچیں اور علاقے میں مزید حادثات سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا۔ لوگوں نے کہا کہ اگر مقامی افراد کی مدد نہ ہوتی تو یہ واقعہ مہلک ثابت ہو سکتا تھا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:خوبصورت سیاحتی مقام پیر چناسی میں شدید برف باری کے باعث 10سیاح پھنس گئے
علاقے کے لوگ شدید برف باری کے باعث گھروں کی چھتوں اور دیگر ڈھانچوں کے بارے میں محتاط رہنے کی ہدایت کر رہے ہیں ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ موسم کی شدت کے دوران گھروں میں اضافی احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور خاص طور پر برف کے بوجھ والے علاقوں میں خطرے سے بچاؤ کے اقدامات کریں ۔




