شادیاں

بھارت، جائیداد ہتھیانے کیلئے 5 شادیاں کرنیوالی لٹیری دلہن کو2سال قید کی سزا

بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش میں ایک عدالت نے طلاق حاصل کیے بغیر متعدد شادیاں کرنے والی خاتون کو دو سال قید بامشقت کی سزا سنا دی ۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، خاتون پر الزام تھا کہ اس نے جائیداد حاصل کرنے کی نیت سے ایک کے بعد ایک پانچ شادیاں کیں جبکہ کسی بھی شوہر سے قانونی طور پر طلاق نہیں لی ۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ضلعی عدالت نے یہ فیصلہ شاہجہان آباد تھانے میں درج ایک ایف آئی آر کی سماعت کے بعد سنایا ۔ یہ شکایت خاتون کے ان شوہروں میں سے ایک نے درج کرائی تھی، جس کی بنیاد پرکیس آگے بڑھا ۔

متاثرہ شوہر نے عدالت میں بیان دیا کہ حسینہ نامی خاتون نے شادی کے وقت یہ حقیقت چھپائی کہ وہ پہلے ہی چار شادیاں کر چکی ہے۔ اس نے خود کو غیر شادی شدہ ظاہر کر کے پانچویں بار نکاح کیا، جس کے بعد حقیقت سامنے آنے پر وہ شدید ذہنی دباؤ اور مالی مشکلات کا شکار ہو گیا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:نکاح کے بعدنشہ آور مٹھائی کھانے سےدولہا بیہوش، دلہن پیسے لے کر فرار ہو گئی

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ملزمہ نے دانستہ طور پر اکیلے اور کمزور مردوں کو نشانہ بنایا۔ عدالتی ریمارکس کے مطابق، شادی کے بعد خاتون مبینہ طور پر اپنے شوہروں کی جائیداد پر قبضہ کرنے کی کوشش کرتی رہی اور اس دوران انہیں ذہنی اور جسمانی تشدد کا سامنا بھی کرنا پڑا ۔

عدالت نے مزید نشاندہی کی کہ دستیاب شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملزمہ یہ تمام کارروائیاں اکیلے نہیں کر رہی تھی، بلکہ اس کی بیٹیاں اور داماد بھی اس مبینہ فراڈ میں اس کے ساتھ شریک تھے ۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج میگھا اگروال نے مختلف قانونی دفعات کے تحت خاتون کو دو سال قید بامشقت اور دو ہزار روپے جرمانے کی سزا سناتے ہوئے کہا کہ طلاق کے بغیر بار بار شادی کرنا قانوناً جرم ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بھار ت ، دلہن نے رخصتی کے وقت ڈرائیونگ سیٹ سنبھال لی، ویڈیو وائرل

عدالت کے مطابق اس طرح کے اقدامات نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہیں بلکہ شادی جیسے سماجی ادارے پر عوامی اعتماد کو بھی شدید نقصان پہنچاتے ہیں ۔

Scroll to Top