واشنگٹن: امریکا کی ریاست نبراسکا کی ایک قدیم انگوٹھی، جو دہائیوں قبل گم ہوئی تھی، نیو جرسی کے بیلمار ساحل پر اچانک منظر عام پر آگئی ۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مقامی خزانے کے شوقین اینڈریو سیفر نے میٹل ڈیٹیکٹر کی مدد سے ساحل پر ریت میں دبے اس زیور کو تلاش کیا اور فوراً اس کے مالک تک پہنچانے کا فیصلہ کیا ۔
انگوٹھی پر صرف’’ BW‘‘کے حروف درج تھے،جس نے ابتدا میں پہچان مشکل بنائی، مگر اینڈریو نے محنت اور تحقیق کے بعد پتہ لگایا کہ اس انگوٹھی کا تعلق نبراسکا کے کریٹ ہائی اسکول سے ہے، جو بیلمار سے تقریباً 1300 میل دور واقع ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ویتنام نے پاکستانی طلبہ کیلئےمکمل فنڈڈ اسکالرشپس کا اعلان کر دیا
مالک کا تعین کرنے کیلئے انہوں نے کریٹ پبلک لائبریری سے رابطہ کیا، جس نے اسکول فاؤنڈیشن کی مدد حاصل کی اور یوں یہ معمہ حل ہوا۔ معلوم ہوا کہ ’’ BW‘‘کا مطلب باربرا ویلیج ہے، جو 1966 کے بیچ کی کریٹ ہائی سکول کی طالبہ تھیں۔ باربرا کی بہن، سینڈی ویلیج روشے نے بتایا کہ انہیں اب بھی یہ سمجھ نہیں آتا کہ یہ انگوٹھی ساحل تک کیسے پہنچی ۔
سینڈی کے مطابق، ان کی بہن کچھ عرصہ بوسٹن میں مقیم رہیں، لیکن یہ واضح نہیں کہ انگوٹھی نیو جرسی کے ساحل پر کیسے پہنچی۔ انہوں نے کہا کہ اتنے سال گزر جانے کے باوجود انگوٹھی مکمل محفوظ حالت میں واپس ملی، اور اب یہ خاندان کے پاس ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مقبوضہ کشمیر : بھارتی فوج کی ہلاکتیں،مودی پاکستان پر براہ راست الزام تراشی سے گریزاں
یہ واقعہ اس بات کی یاد دہانی بھی ہے کہ چھوٹے خزانے اور یادیں وقت اور فاصلوں کے باوجود صحیح مقام تک پہنچ سکتی ہیں۔ اینڈریو کی کوشش اور تحقیق نے ایک پراسرار لمحے کو خوشی میں بدل دیا، اور باربرا کی یادگار چیز ان کے خاندان کو واپس مل گئی ۔




