لاہور: لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے صارفین کے لیے سولر گرین میٹرز کی تنصیب پر عارضی پابندی عائد کر دی ہے ۔ یہ فیصلہ وزارتِ توانائی کی ہدایات کے تحت کیا گیا ہے اور اس کا مقصد نئی سولر گرین میٹر پالیسی کے اعلان تک اس عمل کو مؤثر طریقے سے منظم کرنا ہے ۔
لیسکو حکام نے واضح کیا ہے کہ پابندی کا اطلاق رہائشی اور صنعتی صارفین دونوں پر ہوگا اور نئے گرین میٹرز صرف اسی صورت میں نصب کیے جائیں گے جب وزارتِ توانائی کی جانب سے پالیسی کی باضابطہ منظوری جاری کی جائے ۔
لیسکو کے مطابق اس فیصلے سے وہ صارفین بھی متاثر ہونگے جنہوں نے پہلے ہی اپنے گھروں یا کاروباری مقامات پر سولر سسٹمز نصب کر لیے ہیں اور گرین میٹر کیلئے درخواستیں جمع کرا رکھی ہیں ۔ ا سکامطلب یہ ہے کہ موجودہ درخواست دہندگان کو بھی عارضی طور پر گرین میٹر نہیں دئیے جائینگے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سولر صارفین کیلئے نیٹ میٹرنگ پالیسی تبدیل، نیا بلنگ نظام متعارف
حکام کا کہنا ہے کہ صرف لیسکو ہی نہیں بلکہ ملک بھر کی تمام بجلی تقسیم کار کمپنیاں (ڈسکوز) بھی سولر کنکشن اور گرین میٹرز کی فراہمی عارضی طور پر روک چکی ہیں، اور یہ پابندی وزارتِ توانائی کی نئی ہدایات کے نفاذ تک برقرار رہے گی ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارتِ توانائی اس دوران نئی سولر گرین میٹر پالیسی مرتب کر رہی ہے، جس کے بعد گرین میٹرز کی تنصیب کا عمل دوبارہ شروع کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد سولر انرجی کے نظام کو مزید منظم اور مؤثر بنانا بتایا گیا ہے تاکہ صارفین کو شفاف اور باقاعدہ طریقے سے گرین میٹرز فراہم کیے جا سکیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سولر صارفین پر نیا بوجھ ڈالنے کی تیاریاں،آئیسکو نے بڑاحکم جاری کردیا گیا
وزارتِ توانائی کے اعلان کے بعد صارفین کو واضح ہدایات جاری کی جائیں گی کہ نئے گرین میٹرز کی تنصیب کیلئے کس طرح درخواست دی جائے اور کن شرائط کو پورا کرنا ضروری ہے۔ اس کیلئے صارفین کو عارضی پابندی کے تحت گرین میٹر لگوانے کے عمل کا انتظار کرنا ہوگا، اور لیسکو نے وعدہ کیا ہے کہ نئی پالیسی کے اعلان کیساتھ ہی یہ سہولت دوبارہ شروع کی جائے گی ۔




