برف باری

خوبصورت سیاحتی مقام پیر چناسی میں شدید برف باری کے باعث 10سیاح پھنس گئے

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل نیوز) آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد اور اس کے گردونواح میں گزشتہ رات سے جاری شدید برف باری کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو گئے ہیں ۔ شہر کے مضافاتی علاقوں میں سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے جبکہ بلند و بالا پہاڑی علاقوں میں برف کی موٹی تہہ جم گئی ہے ۔

مظفرآباد سے تقریباً ایک گھنٹے کی مسافت پر واقع معروف سیاحتی مقام پیر چناسی میں شدید برف باری کے باعث 10سے زائد مقامی سیاح پھنس کر رہ گئے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق سیاح تفریح کی غرض سے پیر چناسی گئے تھے تاہم اچانک موسمی صورتحال خراب ہونے اور برف باری میں تیزی آنے کے بعد واپسی کے راستے بند ہو گئے، جس کے باعث وہ وہاں محصور ہو گئے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ضلع حویلی اورگردونواح میں برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری

محصور سیاحوں نے ریسکیو اداروں اور ضلعی انتظامیہ سے فوری مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ شدید سردی، خوراک کی قلت اور راستوں کی بندش کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ سیاحوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت امداد فراہم نہ کی گئی تو صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے ۔

دوسری جانب ریسکیو ذرائع کے مطابق موسمی حالات کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے اور جیسے ہی موسم اجازت دے گا، امدادی ٹیمیں متاثرہ مقام کی جانب روانہ کی جائیں گی۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں اور سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور بلند علاقوں کا رخ نہ کریں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:اوورسیز پاکستانیوں کو گاڑی کی خرید و فروخت میں بڑی سہولت دینے کا فیصلہ

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مظفرآباد اور گردونواح میں مزید برف باری اور بارش کا امکان ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں ۔

Scroll to Top