مذاکراتی عمل ہی عوامی مسائل کے حل کا واحد راستہ ہے، وفاقی وزیر امیر مقام

اسلام آباد:(22 جنوری) وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ مذاکراتی عمل ہی عوامی مسائل کے حل کا واحد مؤثر راستہ ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو مذاکرات میں بیٹھنے کی دعوت دی اور کہا کہ باہمی مشاورت اور تعاون سے آزاد کشمیر کے مسائل کا پائیدار حل ممکن ہے۔

وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے اس موقع پر کہا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں صحت کارڈ پروگرام کی بحالی کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ صحت کارڈ پروگرام سے عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکے گی، جس سے ہر شہری کو بروقت اور معیاری علاج تک رسائی حاصل ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی جانب سے تعلیم کے شعبے میں بغیر کسی مطالبے کے بڑے منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔ اس وقت آزاد کشمیر میں پانچ دانش سکولز پر کام جاری ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ لیپ ٹاپ سکیم، تعلیمی اصلاحات اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر عملی پیشرفت جاری ہے اور آزاد کشمیر کے عوام کو ترجیحی بنیادوں پر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عوامی ایکشن کمیٹی کا ایک بار پھر سڑکوں پر نکلنے کا عندیہ

انجینئر امیر مقام نے بتایا کہ مذاکرات کے نتیجے میں عوامی ایکشن کمیٹی کے بیشتر مطالبات پورے کر دیے گئے ہیں، تاہم افسوس کا اظہار کیا کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے دو اہم اجلاسوں میں شرکت نہیں کی۔ انہوں نے عوامی ایکشن کمیٹی سے اپیل کی کہ آئندہ اجلاس میں شریک ہو کر سنجیدہ مذاکرات کریں تاکہ عوام کے مسائل کا حل تیز رفتاری سے ممکن ہو سکے۔

وفاقی وزیر نے زور دیا کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر کی ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتی ہے اور باہمی تعاون سے ہی عوامی مسائل کا دیرپا حل یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عوامی ایکشن کمیٹی پاکستان، قائداعظم کی توہین کی مرتکب،سردار عتیق خان

Scroll to Top