ممبر الیکشن کمیشن نظیر الحسن گیلانی کوٹلی پہنچ گئے،انتخابی تیاریوں کا جائزہ

کوٹلی(کشمیر ڈیجیٹل)ممبر الیکشن کمیشن سید نظیر الحسن گیلانی اور سیکرٹری الیکشن کمیشن راجہ محمد شکیل خان کا ضلعی دفتر اسسٹنٹ الیکشن کمشنر کوٹلی کا دورہ کیا ،انتخابی تیاریوں کا جائزہ لیا۔

آزاد جموں و کشمیر میں آئندہ ہونے والے عام انتخابات کے شفاف، منظم اور بروقت انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر کی جانب سے تیاریاں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔

اسی سلسلے میں معزز ممبر الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر سید نظیر الحسن گیلانی اور سیکرٹری الیکشن کمیشن راجہ محمد شکیل خان نے ضلعی دفتر اسسٹنٹ الیکشن کمشنر کوٹلی کا تفصیلی دورہ کیا اور انتخابی تیاریوں کا جائزہ لیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر: بارش، برفباری،ایس ڈی ایم اے کی ایڈوائزری جاری

دورے کے موقع پر اسسٹنٹ الیکشن کمشنر کوٹلی ذیشان خلیل نے معزز مہمانوں کو دفتر کی مجموعی کارکردگی، جاری امور اور آئندہ الیکشن کے حوالے سے کیے گئے انتظامی اقدامات پر جامع بریفنگ دی۔

اس دوران ممبر الیکشن کمیشن نے ضلعی دفتر کے جملہ سٹاف سے ملاقات کی اور انتخابی ذمہ داریوں کو مزید مؤثر انداز میں انجام دینے، دفتری نظم و ضبط کو بہتر بنانے اور عوامی سہولت کو اولین ترجیح دینے کے حوالے سے واضح ہدایات جاری کیں۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن راجہ محمد شکیل خان نے سٹاف کے درپیش مسائل بغور سنے اور ان کے بروقت حل کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ انسانی وسائل اور سہولیات کی بہتری الیکشن کمیشن کی ترجیحات میں شامل ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان سپر لیگ کی سیالکوٹ ٹیم کا نام اعلان کر دیا گیا

اپنی گفتگو میں ممبر الیکشن کمیشن سید نظیر الحسن گیلانی نے کہا کہ ضلعی الیکشن دفاتر کو جدید اور سائنسی خطوط پر استوار کیا جائے گا تاکہ انتخابی عمل کو شفاف، قابلِ اعتماد اور موثر بنایا جا سکے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ ضلعی دفتر کوٹلی کی تمام جائز ضروریات پوری کی جائیں گی اور درکار وسائل کی فراہمی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

انہوں نے ضلعی الیکشن کمیشن کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ روابط کو مزید مؤثر بنائیں، محکمانہ لیزان مضبوط رکھیں اور باہمی تعاون کے ذریعے آئندہ انتخابات کے انعقاد کو ہر لحاظ سے کامیاب بنائیں۔

Scroll to Top