نیلم پل سے نوجوان لڑکی کی خودکشی کی کوشش، شہری کی بروقت کارروائی سے جان بچ گئی

مظفرآباد میں نیلم پل سے ایک نوجوان لڑکی کی خودکشی کی کوشش کا واقعہ پیش آیا، جس نے پل سے دریا میں چھلانگ لگا دی۔ ذرائع کے مطابق موقع پر موجود ایک عام شہری نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر لڑکی کو ریسکیو کر لیا، جس کے باعث ایک قیمتی جان بچ گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب نیلم پل پر معمول کے مطابق شہریوں کی آمد و رفت جاری تھی۔ اچانک ایک نوجوان لڑکی نے پل سے دریا میں چھلانگ لگا دی، جسے دیکھ کر وہاں موجود افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اسی دوران دریا کے قریب موجود ایک شخص نے فوری طور پر ردعمل دیتے ہوئے دریا میں کود کر لڑکی کو بچانے کی کوشش کی، جس میں وہ کامیاب رہا۔

یہ بھی پڑھیں: چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی سے متعلق پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں اختلافات

ذرائع کے مطابق شہری کی بروقت ہمت اور جرات نے ایک بڑا سانحہ ہونے سے بچا لیا۔ واقعے کے بعد موقع پر موجود لوگوں نے اس شخص کے اقدام کو سراہا، جس نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر ایک عورت کی جان بچائی۔
گزشتہ کئی روز سے مظفرآباد شہر میں خودکشی کے واقعات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق نیلم پل سے آج پھر ایک عورت کی خودکشی کی کوشش سامنے آئی ہے، جس نے ایک بار پھر شہریوں میں تشویش پیدا کر دی ہے۔