سیکیورٹی اداروں کے درمیان ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورس نے منگل کو نیشنل پولیس اکیڈمی، اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پولیس سروس آف پاکستان کے افسران سے ملاقات اور تبادلۂ خیال کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ اور وزیر مملکت برائے داخلہ بھی موجود تھے۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پولیس اکیڈمی آمد پر فیلڈ مارشل کا کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی نے پرتپاک استقبال کیا، جبکہ ایک چاق و چوبند پولیس دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔

فیلڈ مارشل نے پولیس شہدا یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی اور ان پولیس شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے امن کے قیام، قانون کی بالادستی اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے دہشتگردی، جرائم اور اندرونی سلامتی کے چیلنجز کے مقابلے میں پولیس اہلکاروں کی عظیم قربانیوں کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو اسکول فار ہائی امپیکٹ ایلیٹ لا انفورسمنٹ ڈیولپمنٹ کے بارے میں بریفنگ دی گئی، جبکہ پولیس کی استعداد کار میں اضافے اور جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے جاری تربیتی پروگراموں اور اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر قوم کے ہیرو، کشمیری عوام کا خراج تحسین

کیڈٹ اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹس آف پولیس سے گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے اس امر پر زور دیا کہ پولیس شہریوں کی جان، مال اور عزت کے تحفظ میں اولین دفاعی کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے فرائض کی انجام دہی میں پیشہ ورانہ مہارت، دیانت داری اور لگن کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

انسپکٹرز جنرل آف پولیس، ایڈیشنل آئی جیز اور سینیئر پولیس افسران سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے بین الادارہ جاتی تعاون، جدید پولیسنگ طریقوں کے فروغ اور عوامی اعتماد کے استحکام کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط، پیشہ ور اور عوام دوست پولیس فورس اندرونی سلامتی اور قانون کی حکمرانی کے لیے ناگزیر ہے۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ قانون نافذ کرنا پولیس کی ایک مقدس ذمہ داری ہے اور اس بات کا اعادہ کیا کہ پاک فوج ہمیشہ پاکستان کی بہادر اور قابلِ فخر پولیس فورس کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔

یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ورلڈ لبرٹی فنانشل امریکا کے وفد کی اہم ملاقات

سینیئر پولیس قیادت نے پولیسنگ کے معیار کو مزید بہتر بنانے، پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرنے اور عصری سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ضروری ادارہ جاتی اصلاحات کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Scroll to Top