پاک فضائیہ کی سعودی عرب میں اسپیرز آف وکٹری 2026 مشق میں شرکت

پاک فضائیہ نے سعودی عرب میں منعقد ہونے والی کثیرالملکی فضائی جنگی مشق ‘اسپیرز آف وکٹری 2026’ میں بھرپور اور منظم شرکت کا آغاز کر دیا ہے۔ پاکستان فضائیہ کا ایک دستہ، جس میں ایف۔16 بلاک۔52 لڑاکا طیارے اور ماہر فضائی و زمینی عملہ شامل ہے، مملکتِ سعودی عرب کے کنگ عبدالعزیز ایئر بیس پہنچ چکا ہے۔

انٹرسروسز پبلک ریلیشن (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اس کثیرالملکی فضائی مشق میں سعودی عرب، پاکستان، فرانس، اٹلی، یونان، قطر، بحرین، اردن، برطانیہ اور امریکا کی فضائی افواج کے لڑاکا طیارے اور معاون جنگی عملہ شریک ہیں۔ مشق میں مختلف ممالک کی فضائی افواج کی ہم آہنگ سرگرمیاں شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ مشق شریک فضائی افواج کے درمیان باہمی تعاون، عملی اشتراک اور پیشہ ورانہ فہم کو فروغ دینے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔ مشق کے دوران بڑے پیمانے پر فورس کے استعمال، نائٹ کمپوزٹ ایئر آپریشنز، مربوط انٹیلی جنس، نگرانی و جاسوسی، اور جدید الیکٹرانک وارفیئر ماحول میں آپریشنز پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فضائیہ سربراہ کی عراق میں عراقی فضائیہ کمانڈر سے اہم ملاقات

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ بین الاقوامی تعیناتی کے دوران پاکستانی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے پاکستان میں واقع اپنے ہوم بیس سے سعودی عرب تک بغیر رکے مسلسل پرواز کی۔ یہ پرواز پاک فضائیہ کی طویل فاصلے تک آپریشنل صلاحیت اور ایکسپیڈیشنری استعداد کا عملی مظاہرہ قرار دی جا رہی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مشق کے دوران جدید ایویونکس اور بیونڈ وژول رینج صلاحیتوں سے لیس ایف۔16 بلاک۔52 طیارے اڑانے والے پاکستانی پائلٹس، شریک ممالک کی فضائی افواج کے جدید اور متنوع لڑاکا طیاروں کے پائلٹس کے ساتھ مشترکہ اور مدمقابل فضائی مشقوں میں حصہ لیں گے۔ ان سرگرمیوں کا مقصد عملی مہارتوں کا تبادلہ اور پیشہ ورانہ تجربے میں اضافہ ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ مشق اسپیرز آف وکٹری 2026 میں پاکستان ایئر فورس کی شرکت علاقائی اور بین الاقوامی عسکری تعاون کے لیے اس کے پختہ عزم کی عکاس ہے۔ یہ شرکت ایک ٹیکنالوجی پر مبنی جنگی ماحول میں عملی تیاری، پیشہ ورانہ مہارت اور عالمی سطح کی فضائی افواج کے ساتھ مؤثر انداز میں کام کرنے کی صلاحیت کو اجاگر کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں کی یو اے ای صدر کو شاندار فضائی سلامی

پاکستانی پائلٹس کی جانب سے بغیر رکے سعودی عرب تک مسلسل پرواز کو ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل صلاحیت کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے، جس پر مختلف حلقوں کی جانب سے ستائش کی جا رہی ہے۔

Scroll to Top