وادی لیپا (19 جنوری 2026): وادی لیپا میں مرغی کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے نے مقامی عوام کو شدید مشکلات میں ڈال دیا ہے۔ مقامی شہریوں کے مطابق مظفرآباد کے مقابلے میں لیپا میں مرغی فی کلو 70 سے 150 روپے مہنگی فروخت کی جا رہی ہے، حالانکہ دونوں علاقوں کے درمیان فاصلہ بہت کم ہے۔
عوام کا کہنا ہے کہ مقامی مرغ سپلائرز نے مکمل اجارہ داری قائم کر رکھی ہے، جس کے باعث مصنوعی مہنگائی پیدا کی گئی ہے اور عام شہریوں کو روزمرہ کی بنیادی اشیاء تک رسائی مشکل ہو گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مرغی کا گوشت فی کلو کتنے کا ہو گیا ؟ صارفین کیلئے بُری خبر آگئی
یہ معاملہ سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد سب ڈویژنل ایڈمنسٹریشن لیپا نے فوری نوٹس لیتے ہوئے قیمتوں کے فرق کو ناجائز قرار دیا اور مرغ سپلائرز کو 15 جنوری 2026 کو مذاکرات کے لیے طلب کیا۔ تاہم سپلائرز نے اجلاس میں شرکت کرنے کے بجائے خود ساختہ ہڑتال کر دی اور سپلائی بند کر دی، جس سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوا۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اسسٹنٹ کمشنر لیپا کے اقدام کو مقامی عوام نے سراہا اور اعلان کیا کہ وہ من مانی قیمتوں کے خلاف ڈٹے رہیں گے۔




