کوٹلی میں صحافی انضمام چوہدری پر نامعلوم افراد کی جانب سے قاتلانہ حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں وہ فائرنگ سے زخمی ہو گئے۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب صحافی انضمام چوہدری گھر جا رہے تھے کہ راستے میں نامعلوم افراد نے ان کی موٹر سائیکل کو روکا اور فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے باعث انضمام چوہدری زخمی ہو گئے جبکہ ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
زخمی صحافی کو فوری طور پر مقامی نوجوانوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوٹلی منتقل کیا، جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز نے انضمام چوہدری کی حالت کو خطرے سے باہر قرار دیا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی صحافیوں اور شہریوں کی بڑی تعداد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پہنچ گئی اور زخمی صحافی کی عیادت کی۔
واقعہ کی اطلاع ملنے کے فوراً بعد ایس ایچ او سٹی چوہدری مہدی موقع پر پہنچ گئے۔ ابتدائی رپورٹ تیار کرنے کے بعد ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔ پولیس حکام کے مطابق ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ پولیس کی جانب سے مختلف پہلوؤں سے واقعے کی تحقیقات کا عمل جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ترکیہ نے آزادکشمیر کے طلبہ کیلئے پہلی بار اہم اسکالرشپس کا اعلان کردیا
واضح رہے کہ اس وقت وزیر اعظم دورہ کوٹلی پر موجود ہیں۔ وزیر اعظم نے بھی واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کے احکامات دے دیے ہیں۔ اس پیش رفت کے بعد سیکیورٹی ادارے مزید متحرک ہو گئے ہیں اور پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں۔
دوسری جانب صحافی تنظیموں نے صحافی انضمام چوہدری پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ صحافی تنظیموں کا کہنا ہے کہ صحافیوں پر حملے آزادیٔ صحافت پر حملے کے مترادف ہیں۔ تنظیموں نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ شہری حلقوں نے بھی واقعے پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور زخمی صحافی کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔




