ترکیہ نے آزادکشمیر کے طلبہ کیلئے پہلی بار اہم اسکالرشپس کا اعلان کردیا

اسلام آباد: پاک ترک معارف انٹرنیشنل اسکولز اینڈ کالجز نے میگس 2026-1 (معارف انٹرنس امتحان) کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کر دیا ہے جو کہ پاکستان بھر کے باصلاحیت اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کیلئے میرٹ پر مبنی داخلہ اور اسکالرشپس پروگرام ہے۔

سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق میگس ایک مسابقتی داخلہ امتحان ہے جس کا مقصد مستحق طلبہ کو معیاری تعلیم، مالی معاونت، فیس میں رعایت اور بین الاقوامی تعلیمی مواقع فراہم کرنا ہے۔

پروگرام کے تحت کامیاب امیدوار پاک ترک معارف کے مختلف کیمپسز میں داخلہ حاصل کرنے کیساتھ ساتھ اسکالرشپس کے مستحق بھی قرار پائیں گے جبکہ ان کیلئے مستقبل میں عالمی معیار کی یونیورسٹیوں تک تعلیمی پیشرفت کے مواقع بھی موجود ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستانی طلبہ کیلئے چین میں اعلیٰ تعلیم کے سنہری مواقع، مکمل فنڈڈ اسکالرشپس کا اعلان 

ایک بڑی پیشرفت میں پہلی بار کشمیر میں میگس کے آغاز کا اعلان کیا گیا ہے جو خطے کے طلبہ کیلئے ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

اعلامیے کے مطابق پاک ترک معارف نے آزاد جموں و کشمیر میں اپنی توسیع کے تحت خطے کا پہلا کیمپس پاک ترک معارف انٹرنیشنل اے جے کے مظفر آباد کیمپس بھی قائم کیا ہے جس سے علاقے میں جدید اور معیاری تعلیم کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔

طلبہ جماعت چہارم، پنجم، ششم، ہفتم، ہشتم اور نہم کے علاوہ آئی جی سی ایس ای ۔1 میں داخلے کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔ پروگرام کے نمایاں فوائد میں میرٹ بیسڈ اسکالرشپس، ٹیوشن فیس میں رعایت، مالی معاونت اور کم داخلہ فیس شامل ہیں۔

مزید برآں، طلبہ کو بین الاقوامی معیار کے تعلیمی نظام سے روشناس کرایا جائیگا جس میں ترکیہ زبان سیکھنے کے مواقع بھی شامل ہیں۔

میگس نے ملکی سطح پر نمایاں شہرت حاصل کی ہے اور اب تک 25000 سے زائد طلبہ اس امتحان میں حصہ لے چکے ہیں جو پروگرام پر والدین اور طلبہ کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔

ہر سال 5000 سے زائد طلبہ کی شرکت کے ساتھ میگس ملک کے نمایاں تعلیمی اسکالرشپس پروگرامز میں شمار ہوتا ہے جو تعلیمی برتری، قیادت اور معیاری تعلیم تک مساوی رسائی کو فروغ دیتا ہے۔

میگس 2026-1 کیلئے رجسٹریشن کی آخری تاریخ 5 فروری 2026 ہے جبکہ داخلہ امتحان 15 فروری 2026 کو منعقد ہوگا۔ نتائج کا اعلان 26 فروری 2026 کو کیا جائے گا۔ امتحان میں کامیاب امیدواروں کو اگلے مرحلے میں انٹرویو کے لئے طلب کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی طلبا کے لیے خوشخبری، روس نے اسکالرشپس کی تعداد تین گنا بڑھا دی

میگس پاکستان کے 10 بڑے شہروں میں منعقد کیا جاتا ہے تاکہ جغرافیائی حدود سے بالاتر ہو کر طلبہ کو مساوی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ طلبہ اور والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آن لائن رجسٹریشن مکمل کر کے روشن تعلیمی مستقبل کی جانب پہلا قدم اٹھائیں۔

Scroll to Top