سی ایس ایس کا حتمی نتیجہ کب آئیگا؟ اہم خبر آگئی

اسلام آباد:مقابلے کے امتحانات( سی ایس ایس) میں حصہ لینے والے امیدواروں کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) نے سی ایس ایس 2025 کے حتمی نتائج آئندہ ماہ فروری کے آخری ہفتے میں جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس حوالے سے تمام تر انتظامی اور تکنیکی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں جبکہ کمیشن کی جانب سے نتائج کی بروقت اشاعت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات تیز کر دئیے گئے ہیں۔

ایف پی ایس سی حکام کے مطابق سی ایس ایس 2025 کے تحریری امتحان، طبی معائنے اور نفسیاتی جائزے سمیت دیگر مراحل کامیابی سے عبور کرنے والے 80 فیصد سے زائد امیدواروں کے انٹرویوز مکمل ہو چکے ہیں۔

باقی ماندہ امیدواروں کے انٹرویوز بھی آئندہ چند دنوں میں مکمل کر لیے جائیں گے، جس کے بعد حتمی میرٹ لسٹ کی تیاری کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں ایف پی ایس سی کا سی ایس ایس امتحان کیلئے بڑی تبدیلی کا اعلان

ذرائع کا کہنا ہے کہ سی ایس ایس 2025 میں مجموعی طور پر کامیاب ہونے والے امیدواروں کا تناسب انتہائی کم رہنے کا امکان ہے، جو محض اڑھائی فیصد کے قریب ہو سکتا ہے۔

اس کم کامیابی کی شرح نے ایک بار پھر مقابلے کے امتحان کی سختی اور معیار کو واضح کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ سی ایس ایس 2025 کے تحریری امتحانات میں ملک بھر سے ہزاروں امیدواروں نے شرکت کی تھی، تاہم ان میں سے صرف 2.77 فیصد امیدوار ہی تحریری مرحلہ کامیابی سے عبور کر سکے تھے۔

تحریری امتحان کے نتائج 22 اگست 2025 کو جاری کیے گئے تھے، جس کے بعد کامیاب امیدواروں کو انٹرویوز اور دیگر مراحل کے لیے طلب کیا گیا۔

امیدواروں کی جانب سے حتمی نتائج کے اعلان کا شدت سے انتظار کیا جا رہا ہے، کیونکہ اسی کے بعد مختلف سروسز میں تقرری کا مرحلہ شروع ہو گا۔

سی ایس ایس امتحان کو پاکستان کے مشکل ترین اور معتبر ترین مقابلے کے امتحانات میں شمار کیا جاتا ہے، جس میں کامیابی نوجوانوں کے لیے اعلیٰ سرکاری عہدوں کے دروازے کھول دیتی ہے۔

Scroll to Top