آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ میں بنگلادیش کی شرکت کا معاملہ مزید پیچیدہ ہوتا جارہا ہے اور اس حوالے سے حتمی فیصلہ 21 جنوری کو ہوگا۔
بین الاقوامی کرکٹ کونسل اس دن یہ طے کریگی کہ بنگلادیشی ٹیم اپنے میچز کہاں کھیلے گی اور آیا وہ بھارت جائے گی یا نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی 20 ورلڈکپ، پاکستان نےبنگلہ دیش کو مکمل حمایت کی یقین دہانی کرا دی
کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق آئی سی سی نے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کو حتمی تاریخ سے آگاہ کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں ہفتے کے روز ڈھاکا میں آئی سی سی اور بی سی بی کے درمیان اہم اجلاس ہوا جس میں بنگلادیش نے ایک بار پھر بھارت نہ جانے کے اپنے مؤقف کو دہرایا۔
اجلاس کے دوران بی سی بی نے آئی سی سی کے وفد کے سامنے بھارت میں سکیورٹی خدشات کا معاملہ اٹھایا اور مؤقف اختیار کیا کہ موجودہ حالات میں ٹیم کا بھارت جانا ممکن نہیں ہے۔
واضح رہے کہ بنگلادیش ٹی20 ورلڈکپ کے گروپ سی میں شامل ہے اور اس کے تمام میچز بھارت میں شیڈول کئے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:انڈر19ورلڈ کپ، پاکستان کو پہلے میچ میں انگلینڈ سے شکست
یہ بھی واضح رہے کہ مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل سے نکالے جانے کے بعد سکیورٹی خدشات کی بنا پر بنگلادیشی بورڈ نے بھارت میں ورلڈکپ میچز کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔
اب تمام نظریں 21 جنوری پر مرکوز ہیں جب آئی سی سی بنگلادیش کی شرکت اور میچز کے مقام سے متعلق حتمی فیصلہ سنائے گی جو ٹی20 ورلڈکپ کے شیڈول اور انتظامات پر بھی گہرے اثرات مرتب کر سکتا ہے۔




