لاہور (کشمیر ڈیجیٹل) بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے بھارت نہ جانے کے فیصلے پر پاکستان نے بنگلہ دیش کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا ہے ۔
حکومتی ذرائع کے مطابق اس معاملے پر بنگلہ دیشی حکومت نے پاکستانی حکومت سے باضابطہ رابطہ کیا ہے اور سکیورٹی خدشات سے متعلق اپنی تشویش سے آگاہ کیا ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر بنگلہ دیش کے تحفظات کو دور نہ کیا گیا تو پاکستان بھی آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے اپنے فیصلے پر نظرثانی کر سکتا ہے ۔
پاکستانی حکام کا مؤقف ہے کہ بنگلہ دیش کے خدشات سنجیدہ نوعیت کے ہیں اور انہیں نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیے ۔
حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی ملک کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ دیگر ممالک پر دباؤ ڈالے یا انہیں دھمکیاں دے کر اپنے فیصلے مسلط کرے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان ٹی وی نے پریزیڈنٹس ٹرافی میں 232 سالہ ریکارڈ توڑ دیا
پاکستان نے اس بات پر زور دیا ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ میں تمام ٹیموں کے لیے یکساں سکیورٹی اور عزت و احترام کو یقینی بنایا جانا چاہیے ۔
پاکستانی حکام نے بنگلہ دیش کو یقین دہانی کرائی ہے کہ اس معاملے میں پاکستان ہر سطح پر اس کے ساتھ کھڑا ہے اور اس کے جائز مؤقف کی حمایت جاری رکھے گا ۔
پاکستان کا کہنا ہے کہ کرکٹ کو سیاست سے الگ رکھا جانا چاہیے اور کھلاڑیوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہونی چاہیے ۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے بھارت جانے سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا ہے اور باضابطہ طور پر اپنے فیصلے کا اعلان بھی کر رکھا ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:امریکی صدر کی پاکستان کو غزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت کی باضابطہ دعوت
اس صورت حال نے عالمی کرکٹ حلقوں میں ایک نئی بحث کو جنم دے دیا ہے، جبکہ آنے والے دنوں میں اس معاملے پر آئی سی سی کے کردار کو بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے ۔




