کوٹلی: وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور کے دورہ کوٹلی کے موقع پر گل پور میں عوامی اور پارٹی رہنماؤں کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر کے ہمراہ صدر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوھدری محمد یسین، وزیر حکومت جاوید اقبال بڈھانوی، وزیر حکومت ظفر ملک، وزیر حکومت چوھدری اخلاق، اور وزیر حکومت رفیق نئیر بھی قافلے میں شامل تھے۔
گل پور میں وزیر بلدیات عامر یسین چوھدری کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے کارکنان نے وزیراعظم آزاد کشمیر کا شاندار استقبال کیا۔ استقبال کے دوران کارکنان نے خوشی اور جوش و خروش کے ساتھ وزیراعظم کا خیرمقدم کیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم فیصل راٹھورکا دورہ چڑہوئی،شہرخیرمقدمی بینرزسے سج گیا
واضح رہے کہ کوٹلی میں وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور کے دورے سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں نےجوش و خروش کے ساتھ تیاریاں مکمل کیں۔ اس دوران خیر مقدمی بینرز جگہ جگہ لگائے گئے اور صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوھدری محمد یسین کی موجودگی نے کارکنوں میں مثبت ماحول پیدا کیا۔
مختلف مقامات پر تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوھدری محمد یسین نے کہا کہ “اگرچہ یہ حکومت مختصر عرصہ کے لیے ہے لیکن ان چند ماہ میں ایسے تاریخی اقدامات کریں گے کہ آئندہ پانچ سال کے لیے بھی پاکستان پیپلز پارٹی ہی حکومت بنائے گی۔” انہوں نے مزید کہا کہ “آزاد کشمیر میں جو بھی تعمیر و ترقی ہے وہ پاکستان پیپلز پارٹی کی مرہون منت ہے۔”




