سعودی عرب ورک ویزا کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے اہم خبرآگئی

ریاض: پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تکامول کمپنی کے تحت اسکل ویریفکیشن پروگرام (SVP) کے نفاذ کے لیے باضابطہ معاہدہ طے پا گیا ہے۔

اس معاہدے کے تحت سعودی عرب جانے والے ہنرمندوں کے لیے مہارت کی تصدیق لازمی قرار دی گئی ہے، تاکہ ورک ویزا حاصل کرنے والے کارکن سعودی لیبر مارکیٹ کے مقررہ معیار پر پورا اتریں۔

رپورٹس کے مطابق سعودی عرب نے یکم جولائی سے اسکل ویریفکیشن پروگرام متعارف کرایا تھا، جس کا بنیادی مقصد مملکت میں آنے والے غیر ملکی ورکرز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی جانچ اور معیار میں بہتری ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے غیر ملکی کارکنوں کی مہارت کی تصدیق یقینی بنائی جائے گی تاکہ ہنرمند افراد اپنی قابلیت کے مطابق ملازمت کے بہتر مواقع حاصل کر سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: امریکہ کا 75 ممالک کیلئے ویزا پروگرام معطل کرنے کا اعلان

اس پروگرام کے تحت پاکستان سمیت دیگر ایشیائی ممالک سے آنے والے ہنرمند کارکنوں کو تکامول کے ذریعے اپنی مہارت کی تصدیق کروانا ہوگی۔ سعودی عرب میں کام کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے اب ورک ویزا کے حصول سے قبل تکامول ایس وی پی ٹیسٹ پاس کرنا لازم ہو گیا ہے۔ یہ ٹیسٹ اس بات کو یقینی بنائے گا کہ امیدوار متعلقہ پیشے کے لیے مقرر کردہ معیار اور مہارت پر پورا اترتا ہے یا نہیں۔

اس پروگرام کے نفاذ میں نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) اہم کردار ادا کر رہا ہے، جو پاکستان میں اسکل ویریفکیشن کے عمل کو آسان بنانے اور متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون فراہم کرے گا۔ اسکل سرٹیفکیٹ کے حصول کے لیے امیدواروں کو ایس وی پی انٹرنیشنل پورٹل پر رجسٹریشن کرنا ہوگی۔ رجسٹریشن کے دوران ذاتی اور پیشہ ورانہ معلومات درج کرنے کے بعد تشخیصی مرکز، متعلقہ تجارت اور ٹیسٹ کی تاریخ منتخب کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: یو اے ای جانے والے پاکستانیوں کیلئے اہم سہولت متعارف

امیدوار رول نمبر سلپ ڈاؤن لوڈ کریں گے اور مقررہ تاریخ، وقت اور مقام پر ٹیسٹ میں شرکت کریں گے۔ تکامول اسکل ویریفکیشن سرٹیفکیٹ کی فیس 50 امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 14 ہزار 100 روپے بنتی ہے۔ کامیابی کی صورت میں 24 گھنٹوں کے اندر نتیجہ اور اسکل سرٹیفکیٹ آن لائن پورٹل پر اپ لوڈ کر دیا جائے گا، جسے بعد میں ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔

Scroll to Top