پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن کے لیے ایک اہم فیصلہ سامنے آیا ہے، جس کے تحت لیگ میں پلیئرز آکشن متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس فیصلے کا مقصد کھلاڑیوں کے انتخاب اور ری ٹینشن کے عمل کو ایک نئے طریقۂ کار کے تحت منظم کرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ایس ایل گورننگ کونسل کی ورکنگ کمیٹی کا اجلاس رات گئے منعقد ہوا، جس میں لیگ سے متعلق مختلف اہم امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران آکشن، ڈرافٹ اور کھلاڑیوں کی ری ٹینشن کے معاملات پر بحث کی گئی، جس کے بعد پاکستان سپر لیگ میں پلیئرز آکشن متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل 11 کے لیے کھلاڑیوں کی ری ٹینشن کے حوالے سے بھی فیصلہ ہو چکا ہے۔ اجلاس میں شریک فرنچائزز نے اپنے اپنے مؤقف پیش کیے، جن کی روشنی میں مختلف نکات پر اتفاق رائے قائم ہوا۔
ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کی موجودہ چیمپئن ٹیم لاہور قلندرز نے پلیئرز آکشن کے حق میں ووٹ دیا۔ اس کے علاوہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، اسلام آباد یونائیٹڈ، کراچی کنگز اور حیدر آباد نے بھی آکشن کے حق میں اپنی حمایت کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: سری لنکن بیٹر ویران چامودیتھا نے ریکارڈ ساز اننگز کھیل کر تاریخ رقم کر دی
ذرائع کا کہنا ہے کہ پانچ پرانی فرنچائزز نے چار ری ٹینشن پر اتفاق کیا ہے، جن میں ایک برانڈ ایمبیسڈر شامل ہوگا۔ ان پانچ ری ٹینشنز میں ہر کیٹیگری سے ایک ایک کھلاڑی شامل ہوگا، جبکہ ایک کھلاڑی کو نچلی کیٹیگری میں لا کر برانڈ ایمبیسڈر بنایا جا سکے گا۔
ذرائع کے مطابق نئی فرنچائزز باقی پلیئرز پول سے اسی طریقے سے کھلاڑیوں کا انتخاب کریں گی، جیسا کہ طے شدہ طریقہ کار کے تحت ہوگا۔ باقی بچنے والے پلیئرز پول کا آکشن کیا جائے گا، جس میں فرنچائزز آکشن کے ذریعے کھلاڑی حاصل کریں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دو نئی فرنچائزز نے زیرو ری ٹینشن پر زور دیا ہے۔ اس کے علاوہ ورکنگ کمیٹی کے فیصلوں کی حتمی منظوری چیئرمین پی سی بی محسن نقوی دیں گے۔ ضرورت پڑنے پر گورننگ کونسل کا اجلاس بھی طلب کیا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی ٹی 20 کپتان نے خوشی مکھرجی کیخلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کر دیا
ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کے آکشن اور ری ٹینشن کا فارمولا چیئرمین محسن نقوی کو بھجوا دیا جائے گا، جبکہ آئندہ ایک سے دو روز میں اس کا باقاعدہ اعلان متوقع ہے۔




