فواد چوہدری

نواز شریف بڑھتے سیاسی تناؤ کو کم کرنے کیلئے کردار ادا کریں، فواد چوہدری

لاہور: سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور سینئر سیاستدان فواد چوہدری نے ملک میں بڑھتے ہو ئی سیاسی کشیدگی کو کم کرنے کیلئے مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف سے فعال کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے ۔ فواد چوہدری نے کہا ہے کہ موجودہ سیاسی حالات میں استحکام ضروری ہو چکا ہے اور اس کے لیے سنجیدہ اور بروقت مذاکرات کی اشد ضرورت ہے ۔

نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی درخواست پیش کی ہے، لیکن اب تک حکومت کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ ان کے مطابق ملک میں سیاسی ڈیڈلاک ختم کرنے اور معاشرتی اعتماد بحال کرنے کیلئے حکومت کو بات چیت کے دروازے کھلے رکھنے ہوں گے ۔

فواد چوہدری نے زور دے کر کہا کہ سیاسی استحکام لانے کے لیے ضروری ہے کہ نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری سب مذاکرات کی میز پر آئیں۔انہوں نے کہا کہ کوٹ لکھپت جیل سے قیدیوں کی رہائی جیسے اقدامات بھی ایک مثبت پیغام بھیج سکتے ہیں اور سیاسی ماحول میں بہتری لا سکتے ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بابر اور رضوان کے بغیر قومی ٹیم مکمل نہیں : فواد چوہدری کا سخت ردعمل

پی ٹی آئی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ پارٹی کے اندر واضح سمت کا فقدان نظر آ رہا ہے ۔ ان کے مطابق پارٹی قیادت کے درمیان اختلافات ہیں ، کچھ رہنما انقلاب کی بات کرتے ہیں جبکہ دیگر مذاکرات اور مفاہمت کے حامی ہیں ۔

انہوں نے پارٹی رہنماؤں کے متضاد بیانات کی مثالیں بھی پیش کیں۔ بیرسٹر گوہر کا موقف کچھ اور ہے، خیبر پختونخوا میں جونیئر وزیر مختلف رائے رکھتے ہیں، جبکہ سلمان اکرم راجہ افغانستان سے دہشت گردی کے حوالے سے بات کرتے ہیں اور وزیراعلیٰ سہیل آفریدی ان کے بیان سے اتفاق نہیں کرتے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بھارتی ٹی 20 کپتان نے خوشی مکھرجی کیخلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کر دیا

فواد چوہدری کے مطابق ملک میں سیاسی کشیدگی کم کرنے کے لیے تمام بڑی سیاسی جماعتوں کو تحمل اور سنجیدہ رویہ اختیار کرنا ہوگا، اور اختلافات کے باوجود بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے کی کوشش لازمی ہے تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو اور ملک میں معاشرتی اور اقتصادی استحکام ممکن ہو سکے ۔

Scroll to Top