مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) میں پہلی مرتبہ ایک خاتون سرکاری افسر کو محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ (پی اینڈ ڈی) میں چیف اکانومسٹ کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے۔
سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مہناز فہیم جو اس سے قبل محکمہ پی اینڈ ڈی میں چیف آف سیکشن کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھیں، کو بی ایس 20 میں ترقی دے کر چیف اکانومسٹ مقرر کر دیا گیا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کشمیری عوام پاکستان کے پرچم میں دفن ہونا باعثِ فخر سمجھتے ہیں، صدرانجمن تاجران ایکشن کمیٹی پر برس پڑے
ان کی ترقی کی منظوری سلیکشن بورڈ گزشتہ سال 9 دسمبر کو دی تھی۔ محترمہ مہناز فہیم نے قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد سے ماسٹر آف بزنس ایڈمنسٹریشن (ایم بی اے) کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد 1997 میں بطور پلاننگ آفیسر آزاد جموں و کشمیر سول سروس میں شمولیت اختیار کی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:محسن نقوی کا پی ایس ایل کھلاڑیوں کے معاوضے بڑھانے کا مشورہ
انہوں نے سال 2000 میں سسیکس یونیورسٹی،برطانیہ سے صنف اور ترقی جینڈر اینڈ ڈیوہلپمنٹ میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی اور وہ آزاد جموں و کشمیر کی پہلی دو اسکالرز میں شامل رہیں۔
اس سے قبل انہوں نے آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی سے بی ایس سی میں ڈبل میتھمیٹکس اور فزکس میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔
تباہ کن زلزلے کے بعد، انہوں نے آزاد جموں و کشمیر میں اقوامِ متحدہ کے ترقیاتی پروگرام یواین ڈی پی کے تعاون سے چلنے والے دو اہم منصوبوں میں بھی خدمات انجام دیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:شہری اب نادرا ایپ کے ذریعے اپنے بچے کی پیدائش آن لائن رجسٹر کرا سکتے ہیں
اپنے بیان میں،مہناز فہیم نے ان پر اعتماد کرنے پر حکومتِ آزاد جموں و کشمیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقرری ان کے لیے اعزاز کے ساتھ ایک بڑی ذمہ داری بھی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ “اعلیٰ سطح کی پالیسی سازی میں خواتین کی نمائندگی متوازن، پائیدار اور ذمہ دار ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔”
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ آزاد جموں و کشمیر میں ایسی اقتصادی منصوبہ بندی کو فروغ دیں گی جو شواہد، مساوات اور صنفی حساسیت پر مبنی ہو اور جس کے عملی نتائج عوام تک پہنچیں۔




