صحت سہولت

آزاد کشمیر : مستحق اور اہل شہریوں کیلئے صحت سہولت پروگرام دوبارہ بحال

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل نیوز) حکومتِ آزاد جموں و کشمیر نے اعلان کیا ہے کہ صحت سہولت پروگرام دوبارہ بحال کر دیا گیا ہے ۔ اس پروگرام کے تحت مستحق اور اہل شہری سرکاری اور پرائیویٹ پینل ہسپتالوں میں مفت اور معیاری طبی سہولیات حاصل کر سکیں گے ۔

حکام کے مطابق اس پروگرام کے ذریعے مریضوں کو ہسپتال میں داخلے کی صورت میں مفت علاج، ادویات اور تشخیصی ٹیسٹ فراہم کیے جائیں گے، جس سے مہنگے علاج کا مالی بوجھ کم ہوگا اور عوام کو بروقت صحت کی سہولیات میسر آئیں گی ۔

پروگرام کے بارے میں متعلقہ حکام نے بتایا کہ لاکھوں شہری اس سے مستفید ہوں گے اور یہ صحت کے شعبے میں نمایاں بہتری لانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ عوام سے خصوصی درخواست کی گئی ہے کہ وہ درست معلومات کے لیے صرف سرکاری ذرائع پر بھروسہ کریں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:صحت سہولت کارڈ، وفاقی حکومت نے آزادکشمیر کے عوام کو بڑی خوشخبری سنا دی

اپنی اہلیت اور پینل ہسپتال معلوم کرنے کے لیے شہری اپنے قومی شناختی کارڈ نمبر (CNIC) کو بغیر ڈیش کے 8500 پر SMS کر کے جان سکتے ہیں۔ اس اقدام سے لوگوں کو فوری طور پر یہ معلوم ہو جائے گا کہ وہ اس پروگرام سے مستفید ہو سکتے ہیں یا نہیں اور کون سے ہسپتال میں علاج ممکن ہے ۔

مزید معلومات اور رہنمائی کے لیے حکومت نے ہیلپ لائن نمبر 09009-0800 بھی جاری کیا ہے، جہاں شہری اپنی رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں ۔

حکام نے زور دیا کہ یہ پروگرام صحت کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم قدم ہے اور اس سے عوام کی زندگیوں پر مثبت اثر پڑے گا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر :صحت کارڈکب سے فعال ہوگا، کونسی سہولیات میسر ہونگی ؟ تفصیلات سامنے آگئیں

صحت سہولت پروگرام کی بحالی کے بعد توقع کی جا رہی ہے کہ آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں صحت کے شعبے میں نمایاں بہتری آئے گی اور مستحق افراد کو معیاری علاج کی سہولت میسر ہوگی، جس سے ملک میں صحت کے نظام کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی ۔

Scroll to Top