کویت

کویت جانے کے خواہشمند غیرملکی ورکرز کیلئے لیبر نظام میں نئی تبدیلی متعارف

کویت سٹی: کویت جانے کے خواہشمند غیرملکی افراد کیلئے کویتی حکومت نے امیگریشن اور لیبر نظام میں ایک اہم اور سہولت فراہم کرنے والی تبدیلی متعارف کرا دی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کویت کی پبلک اتھارٹی فار مین پاور (PAM) نے غیرملکی کارکنان کیلئے ملٹی پل ٹرپ ایگزٹ پرمٹ کے اجرا کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے ۔ اس اقدام کا مقصد انتظامی طریقہ کار کو بہتر بنانا اور غیرملکی ورکرز کو زیادہ سہولت فراہم کرنا ہے ۔

نئے نظام کے تحت غیرملکی ملازمین کو ہر سفر کے لیے الگ الگ سنگل ایگزٹ پرمٹ حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی، بلکہ ایک ہی اجازت نامے کے ذریعے مقررہ مدت کے دوران متعدد مرتبہ کویت سے باہر جانے اور واپس آنے کی سہولت میسر ہوگی ۔

حکام کے مطابق اس فیصلے سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ آجر اور ملازم دونوں کیلئے امور کو آسان بنایا جا سکے گا۔ اس سے روزگار سے وابستہ افراد کو غیر ضروری انتظامی مراحل سے بھی نجات ملے گی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:جرمنی جانے اور ملازمت کا ارادہ رکھنے والوں کیلئے اہم خبر

پبلک اتھارٹی فار مین پاور کا کہنا ہے کہ یہ اقدام کویت میں سرکاری خدمات کی ڈیجیٹل تبدیلی کی پالیسی کا حصہ ہے ، جس کے تحت مختلف حکومتی امور کو آن لائن، تیز تر اور مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ نئے ایگزٹ پرمٹ کے ذریعے بیرون ملک سفر کرنے والے غیرملکی کارکنان کو نمایاں سہولت حاصل ہوگی اور انتظامی رکاوٹیں کم ہوں گی ۔

حکام نے مزید واضح کیا کہ ملٹی پل ٹرپ ایگزٹ پرمٹ محدود مدت کیلئے جاری کیا جائے گا، جس کے دوران ورکرز ایک سے زائد بار سفر کر سکیں گے ۔ اس پالیسی سے لیبر مارکیٹ میں لچک آئیگی اور ملازمین کی پیشہ ورانہ و ذاتی ضروریات کو بہتر انداز میں پورا کیا جا سکے گا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:محکمہ موسمیات کی بارش، آندھی اور برفباری سے متعلق نئی پیشگوئی

پبلک اتھارٹی کے مطابق اس نئے پرمٹ کے حصول کے لیے درخواست اشل (Ashal) پورٹل کے ذریعے آن لائن جمع کرائی جا سکتی ہے ، جہاں درخواست گزار اپنی ضرورت کے مطابق پرمٹ کی موزوں کیٹیگری کا انتخاب کر سکتا ہے ۔

Scroll to Top