حویلی، باغ،راولاکوٹ (کشمیر ڈیجیٹل)طویل خشک سالی کے بعد حویلی، باغ، راولاکوٹ، ہٹیاں بالا، چکوٹھی، چناری ، نیلم ویلی ، جہلم ویلی ، وادی لیپا، آزاد کشمیر کے سیاحتی مقام پیر چناسی ، تولی پیر ، لسڈنہ، حاجی پیر ،بھیڈی کے پہاڑوں پر برفباری جبکہ میدانوں علاقوں میں باران رحمت کھل کر برسا جس سے طویل خشک سالی میں کمی آئی
آزاد کشمیر کے میدانی علاقوں میں رات گئے بارش نے موسم خوشگوار کردیا جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری سے سردی دوبارہ لوٹ آئی ، وادی لیپا، گریس ویلی ، چکوٹھی میں برفباری سے رابطہ سڑکیں بند، لوگ گھروں میں محصور ہوگئے ۔برفباری سے لسڈنہ تولی پیرسڑک بھی بند ہوگئی
تولی پیر روڈ سمیت مختلف بالائی علاقوں کی سڑکوں پر سیاحوں اور شہریوں کی کثیرتعداد برف میں پھنس گئی ۔گاڑیوں کے برف میں پھنس جانے کی اطلاعات موصول ہونے پر انتظامیہ حرکت میں آگئی ۔ ڈسٹرکٹ پولیس نے سیاحوں کی مدد کیلئے نمبر جاری کر دیئے ۔ جبکہ انتظامیہ نے انتباہ جاری کرتے ہوئے شہریوں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
دوسری جانب حویلی میں رات گئے سے شہر میں بارش جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ تاحال جاری۔ تازہ برفباری سے ضلع کو ملانے والی بیشتر شاہرات بند ہو گئیں۔ باغ کو ملانے والی شاہراہ لسڈنہ محمود گلی روڈ ٹریفک کیلئے بند۔ پونچھ کو جانے والی شاہراہ محمود گلی عباس پور اور چڑیکوٹ روڈ بھی حالیہ برفباری کے باعث تاحال بند ہے۔
مزید براں یونین کونسل بھیڈی کو ملانے والی شاہراہ علی آباد حاجی پیر ٹریک بھی بند ہونے سے یوسی کا ضلعی ہیڈکوارٹر سے رابطہ منقطع ہو گیا ۔ محکمہ شاہرات کا عملہ مشینری کے ساتھ بند شاہرات کھولنے کیلئے مصروف عمل۔ تیز برفباری کے باعث بحالی کام کا آغاز نہ ہو سکا۔ اسلام آباد سے حویلی کو رات کے وقت آنیوالی ٹرانسپورٹ راستہ بند ہونے سے لسڈنہ کے مقام پر پھنس رہی۔
مسافروں کو قریب ریسٹورنٹ ، ریسٹ ہاؤس لسڈنہ منتقل کر دیا گیا ۔ محکمہ شاہرات کا کہنا ہے کہ برفباری کے تھمتے ساتھ ہی بحالی کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔
ڈی دی ایم اے نے شہریوں سے غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کا مشہورہ دیا ۔ ڈی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ پھسلن کے باعث حادثات رونما ہو سکتے ہیں لہذا شہری غیر ضروری باالخصوص رات کے اوقات میں سفر سے اجتناب کریں۔