مختلف شہروں میں گندم مہنگی، فی من ریٹ میں 700 روپے کا اضافہ

ملک کے مختلف شہروں میں گندم کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث آٹا مزید مہنگا ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق راولپنڈی میں فی من گندم کی قیمت 4,800 روپے تک پہنچ گئی ہے، جو حالیہ دنوں میں سامنے آنے والا بلند ترین ریٹ ہے۔ لاہور میں گندم کا ریٹ فی من 4,450 روپے ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ گوجرانوالہ اور گجرات میں فی من گندم 4,500 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔

ملتان میں گندم کی قیمت 4,450 روپے فی من تک پہنچ چکی ہے، جبکہ بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں گندم کا ریٹ 4,400 روپے فی من رپورٹ کیا گیا ہے۔ اسی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی گندم کے فی من نرخ 4,400 روپے تک پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آٹے کی قیمتوں میں اچانک اضافہ، وجوہات کیا ہیں؟

ذرائع کے مطابق لاہور کے متعدد علاقوں میں دس اور بیس کلو کے سستے آٹے کے تھیلے نایاب ہو گئے ہیں۔ شہریوں کے مطابق سستے آٹے کے مخصوص وزن کے تھیلے آسانی سے دستیاب نہیں رہے، جس کے باعث عام صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔ تاہم ڈی ڈی فوڈ محکمہ خوراک نے اس تاثر کی تردید کی ہے۔

محکمہ خوراک کے مطابق آٹے کی کوئی قلت نہیں ہے اور مارکیٹ میں آٹے کی مناسب مقدار موجود ہے۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ دس اور بیس کلو کے آٹے کے تھیلے دکانوں پر دستیاب ہیں اور سپلائی معمول کے مطابق جاری ہے۔ دوسری جانب پندرہ کلو آٹے کا تھیلا جو پہلے 1,500 روپے میں دستیاب تھا، اب 1,750 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مہنگائی کا نیا وار ،چکن اور انڈوں نے شہریوں کی کمر توڑ دی

ذرائع کا کہنا ہے کہ مرکزی چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن نے گندم مہنگی ہونے کی وجہ قلت کو قرار دیا ہے۔ اس صورتحال کے بعد لاہور سمیت صوبہ پنجاب بھر میں گندم کے ریٹس میں مجموعی طور پر 700 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ مزید یہ کہ گزشتہ دس روز کے دوران فی من گندم کی قیمت 3,700 روپے سے بڑھ کر 4,400 روپے تک پہنچ گئی ہے، جس کے اثرات آٹے کی قیمتوں پر بھی واضح طور پر سامنے آ رہے ہیں۔

Scroll to Top